ہیلتھ کارڈ کو ری ڈیزائن کرکے جلد فنکشنل کر دیا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مفت ادویات عوام کا حق ہے، ادویات دینے کا عہد پورا کریں گے، پسماندہ اور دور دراز شہروں کے لوگوں کا بھی طبی سہولتوں پر پورا حق ہے۔ عوام کو طبی سہولتیں دینا کوئی احسان نہیں، احسان کرنے والا رویہ بدلنا ہوگا۔ ہیلتھ کارڈ کو ری ڈیزائین کرکے جلد فنکشنل کر دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس ہوا، پنجاب میں مقیم مستحق افراد کا ڈیٹا بینک تیار کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مستند ڈیٹا بینک کے لیے پرونشل سوشو اکنامک رجسٹری پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غریب آدمی کو اس کا حق اس کی دہلیز پر ملنا چاہیے۔ سیاست نہیں، بس عوام کی خدمت ہی مشن ہے۔ اجلاس میں پرویز رشید، ارکان اسمبلی مریم اورنگ زیب، عظمیٰ بخاری، ثانیہ عاشق، بلال کیانی، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام بی ایچ یو اور رورل ہیلتھ سنٹر کی مرحلہ وار ری ویمپنگ کی ہدایت کی گئی، پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں فری میڈیسن کی فراہمی کا پلان بھی طلب کیا گیا۔ اجلاس میں میڈیسن کی ہوم ڈیلیوری یکم مئی سے شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پتھالوجی لیب سسٹم میں بہتری کے لیے تجاویز طلب کرتے ہوئے، پنجاب بھر میں پتھالوجی لیب کا معیار بہتر بنانے کا حکم دیا اور پلان بھی طلب کرلیا۔ اجلاس کے دوران سرکاری اسپتالوں کے لیے سنٹرل پتھالوجی لیب بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ 3 اضلاع میں میڈیکل سٹی بنانے کے لیے سفارشات اور تجاویز بھی طلب کی گئیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں خالی، متروک اور بند پڑے اسپتالوں کی عمارتوں کی فہرست بھی طلب کرلی۔

واضح رہے اجلاس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، صحت، فنانس، پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی، پی ڈی ہیپاٹائٹس، ڈی جی ہیلتھ سروسز اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp