عمران خان کا آئی ایم ایف کو خط نہ لکھنے پر برہمی کا اظہار

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے منگل کو پارٹی رہنماؤں سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران آئی ایم ایف کو خط نہ لکھنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے متعلق استفسار کیا تو انہیں بتایا گیا کہ خط کا متن تیار کیا جارہا ہے جس پر عمران خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کو جلد از جلد خط لکھا جائے، جس میں معیشت کو ہونے والے نقصان سے آگاہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی ہدایات دی تھیں، جس کے بعد میڈیا پر تنقید ہونے کے باعث بعض رہنماؤں نے خط نہ لکھنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم سابق وزیراعظم عمران خان نے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط اس لیے لکھا جارہا ہے کہ انہیں آگاہ کیا جائے کہ جو قرض آپ دے رہیں وہ لوٹائے گا کون؟

اس معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کا موقف ہے کہ خط لکھنے کا مقصد آئی ایم ایف کی ڈیل روکنا نہیں بلکہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر تحقیقات کا مطالبہ کرنا ہے۔

مینڈیٹ چوری سیل کا قیام

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے مبینہ دھاندلی کے خلاف وفاق اور پنجاب کی سطح پر ’مینڈیٹ چوری سیل‘ قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پنجاب میں اس سیل کی نگرانی بیرسٹر ابوزر سلمان نیازی جبکہ قومی اسمبلی کی نشستوں سے متعلق سیل کی نگرانی شعیب شاہین کو تفویض کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سیل قائم کرنے کا مقصد مبینہ دھاندلی سے متعلق قانونی چارہ جوئی اور ٹربیونلز میں مقدمات کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی، جبکہ اس سیل میں سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے بھی مشاورت ہوگی۔

سابق وزیراعظم نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کا نام تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے بابر سلیم سواتی کو اسپیکر نامزد کیا ہے جبکہ کابینہ ارکان کے حوالے سے بھی فہرست بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp