انیل امبانی کے بیٹے کی شادی: مہمانوں کے لیے 2500 ڈشز کا انتظام

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

براعظم ایشیا کے سب سے امیر شخص انیل امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کے جشن کا آغاز یکم مارچ سے 3 روزہ تقریبات کی صورت میں ہونے جا رہا ہے جس میں دنیا بھر سے مہمانوں کی آمد متوقع ہے۔ جن میں بل گیٹس، مارک زکربرگ اور ایوانکا ٹرمپ بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ اننت امبانی کی شادی ایک معروف کاروباری خاندان کی بیٹی 29 سالہ رادھیکا مرچنٹ سے ہوگی، جو بھارت کی ایک بڑی دوا ساز کمپنی اینکور ہیلتھ کیئر چلاتی ہیں اور ایک تربیت یافتہ کلاسیکل رقاصہ بھی ہیں۔

شادی کی تقریبات کا آغاز یکم مارچ کو امبانی کی آبائی ریاست گجرات کے علاقے جام نگر میں آئل ریفائنری کے میدان میں 3 ہزار ایکڑ کے باغ میں منعقد ہونے والی 3 روزہ پارٹی سے ہو گا، جس میں امریکی گلوکارہ ریحانہ کی پرفارمنس بھی ہو گی۔

3روز میں مہمانوں کو اڑھائی ہزار ڈشیں پیش کی جائیں گی

توقع ہے کہ 3 روز میں مہمانوں کو تقریباً اڑھائی ہزار ڈشیں پیش کی جائیں گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ایک ہی ڈش کو دو بار نہ کھائیں۔ یکم سے 3 مارچ تک گجرات کے جام نگر میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی شاندار تقریبات میں مدعو کیے گئے مہمانوں کے لیے ایک وسیع مینیو کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

کھانے کی متنوع رینج اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے پر توجہ کے ساتھ مہمانوں کے لیے کھانے کے ایک یادگار تجربے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق تقریبات کے لیے 25 سے زیادہ ماہر باورچیوں کی ایک خصوصی ٹیم اندور سے جام نگر جائے گی۔ اندوری کھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ میزوں پر پارسی کھانوں سے لے کر تھائی، میکسیکن اور جاپانی کھانوں کے ساتھ ساتھ پین ایشیائی پکوان بھی شامل ہوں گے۔

3 روزہ تقریبات کے دوران کل اڑھائی ہزار ڈشیں مینیو پر ہوں گی اور فنکشنز کے لیے کوئی بھی پکوان نہیں دہرایا جائے گا۔ ناشتے میں 70 سے زیادہ آپشنز شامل ہوں گے۔

مہمانوں کے لیے ویجیٹرین ڈشز کا بھی خصوصی انتظام ہے۔ اس سے منفرد بات یہ ہے کہ آدھی رات کے سنیکس بھی فراہم کیے جائیں گے۔ 3 دن پر محیط تقریبات 5 تھیم کے ساتھ پیش کی جائیں گی۔ تقریبات کے لیے ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں بل گیٹس اور میلنڈا گیٹس سمیت بھارت اور دنیا کی کئی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں منگنی ہوئی تھی۔ 2018 میں انیل امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی ہوئی جو بھارت کی سب سے مہنگی شادی تھی جس میں گلوکارہ بیونسے نے پرفارم کیا جبکہ مہمانوں نے اٹلی کے لیک کومو کے ساتھ ساتھ ممبئی اور راجستھان میں پُرتعیش استقبالیہ تقریبات میں شرکت کی۔ اس شادی پر تقریباً 100 بلین ڈالر کی لاگت آئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp