شاہد کپور نے بالی وڈ کے ’گھناؤنے چہرے‘ سے نقاب ہٹا دیا

جمعرات 29 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی وڈ اسٹار شاہد کپور گزشتہ کئی سال سے پے در پے کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں اور اپنی تازہ ترین فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ کی ریلیز کے بعد ان دنوں میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں۔

 2003 میں فلم ’عشق وشق‘ سے اپنے بالی وڈ کیریئر کا آغاز کرنے والے 43 سالہ اداکار شاہد کپور کی کامیابیوں کا یہ سفر اتنا آسان نہیں تھا کیونکہ وہ ’باہر کے آدمی تھے‘۔ حال ہی میں شاہد کپور نے ایک ٹاک شو میں اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بالی وڈ کے کے گھناؤنے  چہرے کو بے نقاب کیا ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد کپور کا کہنا تھا کہ بالی وڈ کے مختلف کیمپس نے ان کے ساتھ برا سلوک کیا۔ انہوں نے کہا، ’بالی وڈ میں باہر سے آنے والوں کو آسانی سے قبول نہیں کیا جاتا، انہیں بڑا مسئلہ ہوتا ہے کہ تم اس انڈسٹری میں آ کیسے گئے، اس وجہ سے نئے اداکاروں کو کئی سال تک اس طرح کے رویے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

شاہد کپور نے کہا ’لوگ ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچتے ہیں، لیکن میرے خیال میں اگر لوگ ایک دوسرے کے ساتھ آرام سے کام کرنا چاہتے ہیں تو انہیں تخلیقی انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔‘

انہوں نے کہا، ’مجھے غنڈہ گردی اور لڑائی جھگڑے سے نفرت ہے، اور مجھ میں بچپن سے جوانی تک خود اعتمادی کی کمی تھی، لیکن اب اگر کوئی مجھ پر دھونس جمانے کی کوشش کرے تو میں بھی اس کو ویسے ہی جواب دیتا ہوں۔‘

واضح رہے کہ شاہد کپور کا تعلق دہلی سے ہے۔ جس وقت انہوں نے بالی وڈ میں قدم رکھا، اس وقت انہیں کسی کی سپورٹ حاصل نہیں تھی اور نہ ہی وہ کسی کیمپ کا حصہ تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، انڈسٹری میں ان کے ’دیسی لہجے‘ کو بنیاد بنا کر انہیں فلموں سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی اور انہیں بدسلوکی کا سامنا بھی رہا۔

تاہم فلم ’کبیر سنگھ‘ میں اپنی جاندار اداکاری کے ذریعے شاہد کپور نے بالی وڈ میں اپنی دھاک بٹھائی اور پھر ان کی کامیابی کا سلسلہ رکنے نہ پایا۔ حال ہی میں ان کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ نے بھی خاصی کامیابی حاصل کی ہے اور چند دنوں میں 80 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp