وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
جمعرات کے روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کی طرف سے بارشوں کی پیشگوئی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں ممکنہ بارش کے حوالے سے بریفنگ دی۔
سلمان شاہ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق سندھ بھر میں آج سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے، بارش صوبے کے شمالی علاقوں میں آج رات سے 2 مارچ تک ہونے کا امکان ہے، صوبے کے وسطی علاقوں میں یکم مارچ کو بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ کراچی میں کل دوپہر کے بعد بارش کا امکان ہے، شہر کراچی میں12 گھنٹوں میں 13 تا 16 ملی میٹر بارش کا امکان ہے ، شہر کراچی میں بارش سے شاہراہ فیصل پر پانی کا دباؤ آتا ہے، کراچی میں 23 مقامات ایسے ہیں جہاں پانی جمع ہوتا ہے، ہم پانی کی نکاسی کے لیے ضروری مشنری کے ایم سی کو فراہم کریں گے۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ ماہ بارش ہوئی تھی،اس دوران نکاسی کے مسائل ہوئے ان کو حل کیا جارہا ہے، واٹر بورڈ کے پاس 53 سکسیشن مشین والی گاڑیاں ہیں جو ضرورت پڑنے پر استعمال ہوسکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رین ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے اور کل کراچی میں سرکاری اور نجی اداروں میں ہاف ڈے ڈیوٹی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ نے صوبے میں عوام سے اپیل کی ہے کراچی میں دوپہر 2بجے کے بعد مختلف اوقات میں 3 تا 4 بارش کے اسپیل ہونے کا امکان ہے، اس لیے کل (بروز جمع) غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر لاڑکانہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں بھرپور انتظامات کریں، بارش کی وارننگ ہے اس لیے ہمیں اپنی تیاری مکمل رکھنی ہے، ٹریفک انتظامات بہتر کئے جائیں۔
صوبائی وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے زائرین کے لیے سہولیات کا بندوبست کیا جائے، حضرت لعل شہباز قلندر کا عرس شروع ہوچکا ہے، زائرین کی بڑی تعداد وہاں موجود ہے،زائرین کی حفاظت اور ان کے لیے ضروری انتظامات کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر کی کمٹونمنٹ کو بھی بارشوں کے حوالے سے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔