’بطور اسپیکر قومی مفاہمت چاہتا ہوں‘ ایاز صادق کی وی نیوز سے گفتگو

جمعرات 29 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی کے نامزد امیدوار ایاز صادق نے کہا ہے کہ میں بطور اسپیکر قومی مفاہمت چاہتا ہوں، ہر کسی کو بولنےکا حق  دوں گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ مل جل کر آگے بڑھیں، سب کو ساتھ کر لے چلیں گے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کا انتخاب کل یکم مارچ ہوگا اور وزیراعظم کا انتخاب 3 مارچ بروز اتوار کو ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، دونوں عہدوں کے لیے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی دن 12 بجے سے پہلے جمع کروا سکیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن یکم مارچ بروز جمعہ کو ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 2 مارچ کو جمع ہوں گے جبکہ 3 مارچ کو وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے گا۔ شہباز شریف کو دوسری بار وزیر اعظم بننے کے لیے 169 ووٹ درکار ہیں، اس وقت مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کو 200 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

اس وقت قومی اسمبلی کا ایوان 336 ارکان پر مشتمل ہے جن میں سے 266 نشستوں پر براہ راست انتخابات کے ذریعے ارکان اسمبلی کو منتخب کیا جاتا ہے باقی ارکان مخصوص نشستوں پر ایوان کا حصہ بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے جبکہ پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے ملک عامر ڈوگر جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے جنید اکبر خان نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے۔ سیکریٹری قومی اسمبلی نے ایوان کے اندر ہی کاغذات نامزدگی وصول کیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp