القدس الشریف کوآزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کی حمایت کرتے ہیں، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر

جمعرات 4 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے جمعتہ الوادع کو یوم القدس کے موقع پر فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمعتہ الوادع کے موقع  منائے جانے والے یوم القدس کے موقع پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کے  بنیادی حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی جدو جہد آزادی اور 1967 سے پہلے والی سرحدوں کے مطابق آزاد  فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت بنانے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

اسرائیلی بربریت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت و بربریت  کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری وحشیانہ بمباری سے 32 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 11 ہزار معصوم فلسطینی بچے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بمباری سے 77 ہزار سے زیادہ فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں اور 38 ہزار سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں غزہ میں انسانیت کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آئی ہیں۔انہوں نے کہ غزہ میں جاری انسانیت سوز مظالم پوری دنیا کے لیے گہری تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔

اقوام متحدہ فلسطین سے متعلق قرارداد پر فوری عمل درآمد کرائے

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت نے انسانیت کو شرمندہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کو فلسطین کے حوالے سے سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد پر عمل درآمد کو یقینی بنانے ہوئے فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی حق دینے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل عالمی جنگی جرائم کا مرتکب پایا گیا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام مشکل وقت میں فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور فلسطینی عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور تمام علاقائی و عالمی فورمز پر فلسطین کی جدو جہد آزادی کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔

دنیا کو القدس شریف کو فلسطین کا دارالحکومت ماننا پڑے گا، ڈپٹی اسپیکر

ادھر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے یوم القدس کے موقع پر جاری بیان میں کہا کہ فلسطین کی جدو جہد آزادی اور القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت ماننا ان کا بنیادی حق ہے جسے اقوام عالم کو تسلیم کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری بمباری سے معصوم بچوں اور بزرگوں کا قتل عام عالمی انصاف کے منہ پر تماچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری طاقت کا بے دریغ استعمال عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم القدس کو جمعتہ الوادع کو پوری مسلم دنیا میں جوش و جذبے سے منایا جائے گا اور مظلوم فلسطین عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp