غزہ میں امداد کے متلاشی افراد پر اسرائیلی حملہ، 100 سے زائد افراد شہید

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت اور جنگی جرم کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس میں امداد کے منتظر 100 سے زائد افراد پر حملہ کرکے شہید کردیا گیا، 7 اکتوبر سے لے کر اب تک مجموعی طور پر غزہ اور مختلف علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جمعرات کو 100 سے زائد فلسطینیوں کو اس وقت فائرنگ کرکے شہید کردیا جب وہ امدادی سامان کی ترسیل کا انتظار کر رہے تھے۔ حکام کے مطابق غزہ شہر کے قریب ہونے والے اس واقعے میں کم از کم 112 افراد ہلاک اور 280 سے زائد زخمی ہوئے۔

اس واقعہ پر حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی حملہ جنگی جرم ہے۔ اسرائیلی حملہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے مکمل طور پر بے گھر کرنے اور فلسطینی کاز کو مٹانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

حماس کا مزید کہنا تھا کہ عرب ممالک فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کے بارے میں خاموشی توڑیں۔ غزہ میں خوراک اور طبی امداد پہنچانے کےلیے فوری طور پر متحرک ہوں، اور فلسطینیوں کے بڑے پیمانے پر قتل کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

حماس نے اس موقع پر عرب لیگ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری طور پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ عرب لیگ اور سلامتی کونسل غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل عام اورنسل کشی روکنے کے لیے کارروائی کرے۔

حماس نے کہا کہ یہ واقعہ قطر میں ہونے والی بات چیت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے جس کا مقصد جنگ بندی اور اس کے زیر حراست اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس واقعے پر بحث کے لیے بند کمرے کا ہنگامی اجلاس بلا لیا، فرانس نے کہا کہ کھانے تک رسائی کی کوشش کرنے والے شہریوں کے خلاف اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ ناقابل جواز ہے اور امریکی صدر جو بائیڈن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ واقعہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں عارضی جنگ بندی کے لیے ثالثوں کی کوششوں کو پیچیدہ بنا دے گا۔

مختلف فلاحی اداروں کی جانب سے کہا گیا کہ یہ حملہ عوام کو خوف زدہ کرنے کے لیے ہے، لہذا اسرائیل سے فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

واضح رہے یہ واقعہ غزہ کی وزارت صحت کے اعلان سے چند گھنٹے قبل پیش آیا، جس میں کہا گیا تھا کہ غزہ میں 7 اکتوبر کو موجودہ تنازعہ کے آغاز سے اب تک 21ہزار بچوں اور خواتین سمیت 30ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اور تقریباً 7ہزار لاپتہ اور 70ہزار 450 زخمی ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp