سعودی عرب کی جانب سے اے ایس پی شہر بانو کو اہل خانہ سمیت شاہی مہمان کے طور پر حج کا تحفہ

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی حکومت کی جانب سے لاہور میں خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی پاکستانی پولیس آفسیر سیدہ شہر بانو نقوی کو خاندان سمیت شاہی مہمان کے طور پر حج کی دعوت دی گئی ہے۔

اسلام آباد کے سعودی سفارت خانے کے پریس اتاشی ڈاکٹر نائف العتیبی نے وی نیوز کو بتایا کہ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی کو اسلام آباد کے سعودی سفارتخانے میں ہوئی ملاقات میں حج کی دعوت دی۔

پولیس آفیسر شہربانو نے چند دن قبل لاہور کے علاقے اچھرہ میں ایک خاتون کو ان کے عربی حروف تہجی پر مبنی لباس پر مشتعل ہونے والے ہجوم سے بحفاظت نکالا تھا جس کے بعد ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے شہربانو نقوی کے اس دلیرانہ اقدام کو سراہا اور انہیں اس کی مبارک باد بھی دی۔ سعودی سفارت خانے کے مطابق خاتون پولیس آفیسر اور ان کے اہل خانہ حج کے دوران خادم حرمین شریفین کے شاہی مہمانوں میں شامل ہوں گے۔

لاہور میں وی نیوز کے نمائندے عارف ملک سے بات کرتے ہوئے اے ایس پی شہربانو نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور تصدیق کی کہ وہ اہل خانہ سمیت حج کریں گی۔

اس سے قبل شہر بانو نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی تھی جنہوں نے ان کی دلیری پر انہیں سراہا تھا۔ شہربانو کا کہنا تھا کہ ان کی آرمی چیف سے ملاقات بہت اچھی رہی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp