پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے بلوچستان کے لیے نامزد وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وہ بلوچستان کی گورننس کو بہتر بنائیں گے۔
پیپلز پارٹی کے نامزد وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کی گورننس کو بہتر بنائیں گے، کوشش ہوگی کہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ آصف زرداری، بلاول بھٹو اور صوبائی قیادت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے وزارت اعلیٰ کے لیے انہیں نامزد کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسمبلی کی تمام جماعتوں کے ساتھ بات چیت کو ترجیح دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال والے فارمولے کے حوالے سے پارٹی کی مرکزی قیادت بہتر بتا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کی مجلس عاملہ نے کسی بھی حکومت کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری طرف رہنما پاکستان پیپلزپارٹی ثنا اللہ زہری نے کہا ’سرفراز بگٹی کو وزیر اعلیٰ نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمارا مکمل تعاون سرفراز بگٹی کے ساتھ رہے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جس طرح انہوں نے وزیر داخلہ کے طور پر کام کیا ایسے ہی وزیر اعلیٰ کے طور پر بھی کریں گے۔