سینیٹ کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری، پولنگ 14 مارچ کو ہو گی

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کے مختلف ارکان کی قومی و صوبائی اسمبلی کے رکن کے طور پر حلف اٹھانے سے خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا۔ان نشستوں پر انتخاب 14 مارچ کو ہوگا۔

جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفور حیدری قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے ہیں۔

نثار کھوڑو، جام مہتاب حسین ڈاہر سندھ اسمبلی جبکہ سرفراز احمد بگٹی، پرنس احمد عمر زئی بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

عام انتخابات میں کامیابی اور ان تمام سینیٹرز کے ممبر قومی و صوبائی اسمبلی حلف اٹھانے کے بعد خالی ہونے والی نشستوں پر انتخاب کے لیے شیڈول جاری کیا ہے جس کے تحت امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 2 اور 3 مارچ کو جمع کروائے جاسکیں گے۔

امیدواروں کی ابتدائی فہرست 3 مارچ جبکہ ان کی جانچ پڑتال 5 مارچ کو ہوگی۔کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 7 مارچ، ان پر ٹربیونل کی جانب سے فیصلے 9 مارچ جبکہ کاغذات نامزدگی 10 مارچ کو واپس لیے جاسکیں گے۔

سینیٹ آف پاکستان میں پولنگ 14 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کی عمارتوں میں 9 سے 4 بجے تک ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp