وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر’صاف ستھرا پنجاب‘ کے نام سے مہم کا آغاز کرلیا گیا، اس سلسلے میں محکمہ لوکل گورنمنٹ نے تمام مقامی حکومتوں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق صاف ستھرا پنجاب مہم یکم مارچ سے 31 مارچ تک جاری رہے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق ایک ماہ میں پورے پنجاب کی صفائی ستھرائی شروع کردی گئی، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر گلی محلوں کی صفائی کے لیے پوری میشنری متحرک کر دی گئی۔ مریم نواز کی ہدایت پر کھلے مقامات سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
’ڈی جی لوکل گورنمنٹ ’صاف ستھرا پنجاب‘ مہم کے فوکل پرسن مقرر، روانہ رپورٹ لی جائے گی‘۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ’صاف ستھرا پنجاب‘ مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کیا۔
عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے نظام متعارف کروا رہے ہیں، مریم نواز صحت، تعلیم کے شعبے کے لیے اقدامات کررہی ہیں۔
انہوں نے ’صاف ستھرا پنجاب مہم‘ کے آغاز سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ امراء کے محلوں میں تو صفائی ستھرائی دیکھنے کو ملتی ہے لیکن غریبوں کو کوئی نہیں پوچھتا۔ مریم نواز نے گلی محلوں کی صفائی کا حکم دیا ہے، تمام معاملات پر مریم نواز کی زیرو ٹالرنس ہے۔ مریم نواز نے صفائی ستھرائی کے لیے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ ایک نیا محکمہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں چیک کرے گا، مریم نواز نے 5 دن کے اندراتھارٹی بنانے کی بات کی ہے۔ تمام اضلاع میں سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے، 64 لاکھ مستحق افراد کو رمضان پیکج ان کے گھرکی دہلیز پر پہنچائیں گے۔