شہباز شریف حکومت کا ایجنڈا، حکمران اور اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کیا کہتے ہیں؟

اتوار 3 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن ( پی ایم ایل این) کے ارکان پارلیمنٹ نے شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کو ملک کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ’ شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر میں استحکام پاکستان کا ایجنڈا پیش کر دیا ہے۔ شہباز شریف نوجوانوں کو ’ کٹا،کٹی‘ ’مرغی، انڈہ‘ والی معیشیت کے لیے نہیں ڈیجیٹل معیشت کے لیے تیار کریں گے۔

اتوار کو شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کے بعد پارلیمنٹ لاجز کے باہر پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکان اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کے انتخاب میں حصہ لے کر انتخابی عمل اور اس کے تمام تر نتائج کو تسلیم کر چکے ہیں، پارلیمنٹ کا حصہ بن کر غل غپاڑہ کرنے کا اب کوئی فائدہ نہیں ہے۔

ملکی استحکام کی خاطر مفاہمت کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، احسن اقبال

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ملکی استحکام کی خاطر مفاہمت کی طرف بڑھنا چاہتی ہے، اپوزیشن کو اگر 8 فروری کے نتائج تسلیم نہیں کرنے تھے تو ایوان کا حصہ ہی نہ بنتے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے پہلی ترجیح ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے، دوسرے نمبر پر ہم ملک سے محاذ آرائی کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں، تیسرے نمبر پر عوام کو مشکلات سے نجات دلانے، بے روزگاری کو کم کرنے، غربت کو کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانا ہماری ترجیحات ہوں گی۔

نوجوان پاکستان کے مستقبل کا سب سے کارگر سرمایہ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہتر مستقبل کا سب سے کارگر سرمایہ نوجوان ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے اسمبلی میں اپنی تقریر میں وضاحت کے ساتھ کہہ دیا ہے کہ ہماری سب سے زیادہ توجہ نوجوانوں کو 21 ویں صدی کے مطابق با اختیار اور با ہنر بنانے پر مرکوز ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو ’ کٹا، کٹی‘ یا ’ مرغی، انڈے ‘ کی معیشت کے لیے تیار نہیں کریں گے، ہم انہیں ڈیجیٹیل انقلاب اور ڈیجیٹل معیشت کے لیے تیار کریں گے۔

ملک میں ایکسپورٹ ایمرجنسی نافذ کرنے کا عزم 

انہوں نے کہا کہ ہم پسماندہ علاقوں کی ترقی مساویانہ بنیادوں پر کریں گے، ملک کو مستقبل کے معاشی بحرانوں سے بچانے کے لیے ضروری ہو گا کہ ہم ایک ایکسپورٹ لیڈ معیشت بنیں، ملک میں ایکسپورٹ ایمرجنسی نافذ کریں۔

ہمارا ایجنڈا بہت وسیع ہے اس کے لیے ہم اوورسیز پاکستانیوں سے بھی مدد اور رہنمائی حاصل کریں گے، ملک میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ ہم پاکستان کو کشکول والی معیشت سے نکال کر خود انحصار معیشت کی طرف گامزن کرنا چاہتے ہیں اور یہی شہباز شریف کا عزم اور پیغام بھی ہے۔

عمران خان کو این آر او نہیں ملے گا، غل غپاڑے کی سیاست چھوڑ دیں

ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان این آر او کے لیے امریکا اور آئی ایم ایف سے مدد مانگ رہے ہیں، لیکن ان کو این آر او نہیں ملے گا، اگر وہ سچے ہیں تو عدالتوں میں اپنی بے گناہی کو ثابت کریں ، ملک میں غل غپاڑے کی سیاست نہ کریں، آئی ایم ایف اور امریکا سے این آر او نہ مانگیں، وہاں سے ان کو این آر اُو نہیں ملے گا۔

شہبازشریف نے ملک کی ترقی کا روڈ میپ دے دیا ہے، خواجہ آصف

ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے اسمبلی میں اپنے خطاب میں تمام شعبہ زندگی سمیت ملک کے تمام مسائل کا جامع روڈ میپ پیش کر دیا ہے اور نوجوانوں کو ترقی کا واضح پیغام بھی دے دیا ہے۔ نوجوانوں کے لیے وظائف اور آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں مواقع پیدا کرنے اور انقلاب لانے کی بات کی ہے۔  شہباز شریف نے خواتین اور بچوں کی رہائی کی بات کر کے ایک انتہائی احسن اقدام اٹھایا ہے۔

ملکی استحکام کے لیے پولیٹیکل پولرائزیشن ختم کرنا ہو گی، امین الحق

سابق وفاقی وزیرامین الحق نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ پولیٹیکل پولرائزیشن کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور شہباز شریف کے لیے سب سے بڑا چیلنج ملک کی معاشی صورت کو بہتر کرنا ہے، دوسرا بڑا چیلنج پولیٹیکل پولرائزیشن ہے جس کے خاتمے کے لیے سیاسی مفاہمت اور مذاکرات کی طرف آنا ہوگا۔

اپوزیشن لیڈر کون ہوگا؟ ابھی فیصلہ نہیں ہوا، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اسد قیصر نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کی طرف سے اپوزیشن لیڈر کون ہو گا؟ اس کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک اس بات کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ہوں گے یا کوئی اور ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp