سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات، باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم

اتوار 3 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میر سرفراز احمد بگٹی کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے اعلیٰ نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کا عزم کیا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ اراکین بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک، میر ظہور بلیدی اور عبید گورگیج بھی موجود تھے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ سید ناصر شاہ، شرجیل میمن، مکیش چاولہ اور ضیاالحسن لنجار موجود تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیراعلیٰ سندھ کے مابین گوادر میں فلاحی اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

اگر مشینری کی ضرورت ہوئی تو گوادر بھجوا دیں گے، مراد علی شاہ کی یقین دہانی

مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو یقین دہانی کرائی کہ پی ڈی ایم اے سندھ اور بلوچستان پی ڈی ایم اے رابطے میں ہے، اگر کسی دیگر مشینری کی ضرورت ہوئی تو گوادر بھجوا دیں گے۔

اس موقع پر سرفراز بگٹی نے کہاکہ گوادر میں پانی کی نکاسی اور دیگر بحالی کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔

اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے دونوں وزرائے اعلیٰ نے 9 مارچ کو صدارتی انتخابات سے متعلق بات چیت بھی کی۔ اور کہاکہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے دوبارہ ملک کے صدر منتخب ہوجائیں گے۔

قانون شکنوں کے خلاف کارروائی پر اتفاق

سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے امن امان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بہت جلد دونوں صوبوں کی سرحدوں پر قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

دونوں وزرائے اعلیٰ نے اسمگلنگ اور ڈرگ مافیا کے خلاف مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔

سرفراز بگٹی کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان کے مابین دیرینہ تجارتی ، ثقافتی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp