مریم نواز کا اچانک گورنمنٹ پائلٹ گرلز اسکول کادورہ،طالبات میں گھل مل گئیں

پیر 4 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اچانک لاہور میں وحدت کالونی میں واقع گورنمنٹ پائلٹ گرلز سیکنڈری اسکول کا دورہ کیا اور طالبات میں گھل مل گئیں۔

پیر کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کینسر ہسپتال سائٹ کا دورہ کرنے کے بعد اچانک وحدت کالونی پہنچ گئیں اور بغیر شیڈول گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری گرلز سکول کا اچانک دورہ کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف خاموشی کے ساتھ جاکر کلاس کی 8 کلاس کی طالبات کے ساتھ بیٹھ گئیں، اسکول کی طالبات وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو اپنے درمیان دیکھ کر حیران اور خوش ںظر آئیں۔

سکول کا دورہ کرنے کے وقت 8 کلاس میں اردو کا ٹیسٹ ہو رہا تھا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طالبات سے مضمون کے عنوان کے دریافت کیے، وہ کم سن طالبہ نور فاطمہ کے ساتھ ڈیسک پر بیٹھ گئیں اور بات چیت کی، طالبہ کی طرف سے درست جواب ملنے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انہیں سراہا اور پیار کیا۔

مریم نواز شریف نے خالی ریپر دیکھ کر طالبات کو اپنا کلاس روم صاف رکھنے کی ترغیب دی اور کلاس ٹیچر کو ٹیسٹ اور تدریسی کام جاری رکھنے کو کہا، وزیر اعلیٰ نے بچیوں سے اسکول میں درپیش مسائل اور ضروریات کے بارے میں دریافت کیا۔

طالبات نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اسکول کی لائبریری اور لیب میں بہتری لانے اور اسکول میں تقریبات کرانے کا مطالبہ کیا۔

مریم نواز شریف نے مذکورہ اسکول میں کلاس دہم کے بورڈ کے امتحانی مراکز کا بھی دورہ کیا، انہوں نے انتہائی خاموشی سے امتحانی مرکز کا جائزہ لیا اور طالبات کو امتحان دیتے دیکھا۔

 مریم نواز شریف نے 8 ویں کلاس کے دوسرے سیکشنز کا بھی دورہ کیا اور لائبریری، بیالوجی لیب اور اسپورٹس روم کا معائنہ کیا، انہوں نے اسکول میں کھیل کے میدان کا بھی دورہ کیا اور اسے بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بورڈ میں پوزیشن لینے والی کھلاڑی طالبات کے ساتھ فوٹو بنوائی اور انہیں آٹو گراف دیا اور اسکول اسٹاف کے کہنے پر گروپ فوٹو بنوایا، انہوں نے اسکول کی وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی درج کیے ہیں۔

اس موقع پر مریم نواز شریف نے اسکول کی ہونہار طالبات سے ملاقات اور بات چیت کو خوش کن قرار دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp