جاپان میں گڑیاؤں کا تہوار کیوں اور کیسے منایا جاتا ہے؟

پیر 4 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دُنیا کی ثقافتوں کی طرح جاپان بھی اپنی ثقافت کے کئی رنگ رکھتا ہے، اپنی تہذیب اور ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے جاپان میں ہر سال کی طرح امسال بھی 3 مارچ سے 7 مارچ تک ’گڑیاؤں ‘ (ڈولز) کے تہوار کا آغاز ہو گیا ہے۔

یہ جاپانی ثقافتی تہوار 3 مارچ سے جاپان سمیت پوری دنیا میں رہنے والے جاپانی مناتے ہیں جسے ’حنا ماتسوری‘ بھی کہتے ہیں۔

جاپان اس تہوار کو لڑکیوں کو معاشرے کے اندر عزت و مقام دینے کے اعتبار سے بھی مناتے ہیں۔ یہ تہوار 7 مارچ کو اختتام پذیر ہوتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’ حنا ماتسوری‘ یعنی گڑیوں کے اس تہوار کی تاریخ 1200 سال پرانی ہے، اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ تہوار چین سے جاپان منتقل ہوا ہے۔

سن 784 سے 1185 کے درمیان ہیان دورمیں اِس تہوار کا آغاز ہوا، اس تہوار کے پیچھے دلچسپ اور عجیب عقیدہ یہ ہے اِس کو منانے سے گھر میں پیدا ہونے والی لڑکیوں کے نصیب اچھے ہوتے ہیں، ساتھ ہی جو لڑکیاں پہلے سے ہی گھر میں موجود ہیں اُن کے اچھے رشتے بھی آئیں گے۔

اِس مقصد کے لیے جاپان کے لوگ مختلف چیزوں سے خوبصورت گڑیا بناتے اور انہیں اپنے گھروں میں بھی سجاتے ہیں اور ایک مخصوص جگہ جہاں یہ تہوار منایا جاتا ہے وہاں بھی سجاتے ہیں۔

 اِن گڑیاؤں کی خاص بات یہ ہوتی ہے کہ انہیں سرخ رنگ کا لباس پہنایا جاتا تھا۔ اِس تہوار کے موقع پر خصوصی پکوان بنائے جاتے اور گھروں میں عبادت کی جاتی ہیں جس میں لڑکیوں کے اچھے مستقبل، صحت اور درازی عمر کی دعائیں کی جاتی ہیں۔

جوں جوں جاپان ترقی کے مراحل طے کرتا گیا اس تہوار میں بھی جدت لائی گئی،  دنیا میں جہاں بھی جاپانی رہتے ہیں وہ 3 مارچ کو یہ تہوار مذہبی جذبات کے ساتھ مناتے ہیں  اس کی تیاریاں فروری کے اختتام سے ہی شروع ہوجاتی ہیں۔

اس تہوار کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ ہر گھر میں الماریوں میں رکھی گڑیوں کو نکالا جاتا ہے، انہیں نئے اور خوبصورت لباس حتیٰ کہ زیور بھی پہنائے جاتے ہیں اور خوشبو بھی لگائی جاتی ہے۔ حتیٰ کہ جن گھروں میں لڑکیاں جوان ہوتی ہیں وہاں گڑیوں کی شادیاں بھی کی جاتی ہیں۔

جدید جاپان میں ان گڑیوں کاتہوار یعنی حنا ماتسوری ایک بہت بڑے’ گڑیوں کے میلے ‘ کی شکل اختیار کرچکا ہے۔اس میلے میں دنیا بھر سے سیاح شرکت کرتے ہیں، فروری کے اختتام سے لیکر مارچ کے پہلے ہفتے تک آپ کو جاپان کی ہر دکان یہ یہ جاپانی گڑیاں سجی ہوئی سرخ چبوترے پر بیٹھی نظر آئے گی ۔

پاکستان میں بھی جاپان فاؤنڈیشن کے تحت جاپانی گڑیوں کی نمائش کا آغاز کیا گیا ہے، کراچی میں متعین جاپان کے قونصل جنرل آئسو موراتوشی کازو نے نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عوام کی دلچسپی دیدنی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp