آٹے کی بوری پر نواز شریف کی تصویر، ’یہ آٹا کھا کر روزہ حرام ہو جائے گا‘

منگل 5 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر نائب صدر شیر افضل مروت اپنے بیانات کی وجہ سے اکثر سوشل میڈیا پر وائرل رہتے ہیں، جنہیں پی ٹی آئی کی حامیوں کی جانب سے خاصی پذیرائی بھی ملتی ہے۔ ان کا ایسا ہی ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ کہتے کہ جس آٹے کے تھیلے پر نواز شریف کی تصویر لگی ہے وہ آٹا کھانے سے روزہ داروں کا روزہ حرام ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو شخص سزا یافتہ ہو، پاکستان کے پیسے چوری کرکے بار بار لندن بھاگ جاتا ہو اور ڈیل کرکے واپس آجاتا ہو اس شخص کی تصویر والا آٹا کھانے سے روزہ داروں کا روزہ خراب ہوگا،  لہٰذا پنجاب کے لوگ یہ آٹا کھانے سے پرہیز کریں جن پر نواز شریف کی تصویر ہے۔

ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے شیر افضل مروت کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اس ویڈیو کو آپ شیئر کیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

خبیب حنیف کا کہنا تھا کہ یہ شخص خود کو انسان کہتا ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایسے لوگوں پر افسوس ہی ہے۔

اسحاق نامی صارف نے لکھا کہ شیر افضل ہر بات کمال کی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں مستحقین کی امداد کے لیے ʼنگہبان رمضان پیکج‘ شروع کیا گیا ہے۔ جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید ہو رہی ہے کہ تھیلے پر نواز شریف کی تصویر کیوں لگائی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp