وزیراعظم کا دورہ پشاور،بارش اور برفباری متاثرین میں چیک تقسیم

بدھ 6 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو معاوضوں کی بلاتفریق ادائیگی یقینی بنائی جائے گی، اس میں بھی اگر کسی نے سیاست کی تو پھر اللہ کا عذاب آنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

خیبرپختونخوا کے بارش اور برف باری متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے امدادی رقوم کے اعلانات کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ حالیہ بارشوں اور برفباری کے باعث 40 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، ان کے پیاروں کو 20 لاکھ فی کس کے حساب سے معاوضے دیے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ زخمیوں کو بلاتفریق 5،5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کے گھر مکمل تباہ ہوئے ہیں انہیں 7 لاکھ جبکہ جزوی تباہ گھر کے لیے 3 لاکھ روپے وفاق کی طرف سے دیے جائیں گے، اور یہ رقم سروے مکمل ہونے کے بعد 11 مارچ کو متاثرین کو مل جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے صوبائی حکومت سے مل کر جو ہو سکا کریں گے۔

انہوں نے صوبائی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح متاثرین کی فوری مدد کی گئی وہ لائق تحسین ہے۔ اس پر میں ان کو شاباش دیتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے 7 ممالک میں شامل ہے، اگر ہم نے بروقت اس چیلنج سے نمٹنے کی تیاری نہ کی تو آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہاکہ قدرتی آفت ہمارے بس سے باہر ہے، وفاقی حکومت موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا غلام علی، امیر مقام اور دیگر نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp