رمضان سے پہلے کن کن اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی؟

جمعہ 8 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رمضان سے قبل جہاں اشیائے خورونوش سمیت بہت سی دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، وہیں قیمتوں میں کمی بھی آئی ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

حالیہ مارکیٹ اور ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق  29 فروری تک ایک ہفتے میں دال ماش کی قیمتوں میں 0.97 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 0.85 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 11.48 فیصد کمی ہوئی ہے۔

کونسی اشیا کتنے روپے سستی ہوئیں؟

اسلام آباد کے علاقے آئی ایٹ میں پاکیزہ کیش اینڈ کیری کے مالک عامر سردار جو گزشتہ 5 برس سے یہ کاروبار چلا رہے ہیں، نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ رمضان کی آمد سے قبل بہت سی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، لیکن اس کے ساتھ کچھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے ان میں انڈے سر فہرست ہیں، جن کی قیمت گزشتہ ماہ تک 400 روپے تک بھی رہی، لیکن اب درجن انڈوں کی قیمت 230 روپے تک ہے۔

قبل چینی 200 روپے تک فروخت ہوتی رہی ہے جب کہ اس وقت چینی کا ریٹ 147 روپے ہے، اسی طرح اچھا بیسن 300 روپے کلو فروخت ہو رہا تھا مگر اس وقت بیسن کی قیمت 260 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ نارمل کوالٹی کے بیسن کی قیمت 230 روپے ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آٹے کا ریٹ فی الحال مستحکم ہی ہے، نہ ہی ریٹ کم ہوا ہے اور نہ ہی بڑھا ہے۔

کوکنگ آئل کی قیمتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوکنگ آئل کی قیمتیں کافی کم ہوئی ہیں۔ جو اچھے برینڈ کا کوکنگ آئل کا کارٹن 3500 تک فروخت کر رہے تھے، وہ اب تقریباً 2500 روپے تک فروخت کر رہے ہیں۔ اگر چاول کی بات کی جائے تو نیا چاول سستا ہوا ہے جبکہ پرانے چاول کی قیمت زیادہ ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر کن اشیا پر سبسڈی دی جائے گی؟

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے وی نیوز کو بتایا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر جن اشیائے خورونوش پر رعایت ہوگی، ان میں آٹا، چینی، گھی، آئل، چاول، دودھ، بیسن، دالیں، مصالحہ جات، کجھور اور دیگر اشیا شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان اشیا میں تقریباً سارا راشن اور ضروری اشیائے خورونوش شامل ہیں، جو رعایتی نرخوں پر یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب ہوں گی۔

کتنے فیصد سبسڈی دی گئی ہے؟

رمضان ریلیف پیکیج میں 45 ہزار ملین ٹن آٹا رعایتی نرخوں پر مختص کیا گیا ہے، جو بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے اہل لوگوں کو دیا جائے گا۔ یعنی ایک اہل شخص کو ماہانہ 20 کلو آٹا سبسڈائز نرخوں پر دیا جائے گا ، اس طرح آٹے پر 77 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔

اسی طرح چینی 35 ہزار ملین ٹن رعایتی نرخوں پر دی جائے گی۔ یعنی ماہانہ فی شخص 5 کلو چینی 46 روپے فی کلو سبسڈی کے ساتھ حاصل کر سکے گا۔

گھی 20 ہزار ملین ٹن مختص ہو گا، جس میں فی کلو پر  70 روپے سبسڈی دی جائے گی۔ جبکہ اسی طرح بیسن 2 ہزار ملین ٹن ہے جس میں فی کلو پر 50 روپے سبسڈی دی جائے گی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر فی کلو کھجور پر 50 روپے، مشروبات (800 ملی لیٹر) اور ایک کلو دودھ پر 30 روپے، مصالحہ جات پر 10 فیصد، دالوں، آئل اور چاول پر 25 روپے سبسڈی دی جائے گی۔

سب سے زیادہ سبسڈی چائے کی پتی پر دی جائے گی۔ یعنی ایک کلو چائے کے پیکٹ پر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp