چین کو دفاعی معلومات کی فراہمی، امریکی انٹیلی جنس تجزیہ کار گرفتار

جمعہ 8 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کو حساس دفاعی معلومات فروخت کرنے کی سازش کے الزام پر امریکی فوج کے ایک انٹیلی جنس تجزیہ کار کو گرفتار کرلیا گیا ہے، وفاقی استغاثے کے مطابق سارجنٹ کوربین شُلٹز نے ذاتی منافع کو امریکی عوام کی سلامتی پر مقدم جانتے ہوئے حساس معلومات کا سودا کیا۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے کے مطابق وفاقی استغاثہ نے کوربین شُلٹز پر قومی دفاعی معلومات افشا کرنے کی سازش، بغیر لائسنس کے دفاعی مضامین اور تکنیکی ڈیٹا برآمد کرنے اور ایک سرکاری اہلکار کو رشوت دینے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

سارجنٹ کوربین شُلٹز کو تقریباً 42 ہزار ڈالر ہانگ کانگ میں مقیم ایک فرد کو تائیوان پر فوجی حملے کی صورت میں امریکی منصوبوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ادا کیے گئے تھے، انہیں امریکی ریاست کینٹکی کے فورٹ کیمبل سے ایف بی آئی اور امریکی فوج کے انسداد انٹیلیجنس کی انکوائری کے بعد گرفتار کیا گیا۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل میتھیو جی اولسن نے بیان میں کہا کہ سارجنٹ شُلٹز نے ذاتی منافع کو امریکی عوام کی سلامتی سے بالاتر رکھا۔ ’آج کی گرفتاری ظاہر کرتی ہے کہ اس طرح کی دھوکہ دہی منفی اثرات مرتب کرتی ہے، محکمہ انصاف ان لوگوں کی شناخت اور جوابدہی کے لیے پرعزم ہے جو ہماری قوم کے رازوں کی حفاظت کے لیے اپنے حلف کی پاسداری نہیں کرتے۔‘

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ مجرمانہ سازش جون 2022 میں شروع ہوئی اور سارجنٹ کوربین شُلٹز کی گرفتاری تک جاری رہی۔

سارجنٹ شلٹز پر قومی دفاعی معلومات کے حصول اور افشاء کرنے کی سازش، بغیر لائسنس کے دفاعی مضامین سے متعلق تکنیکی ڈیٹا برآمد کرنے، بغیر لائسنس کے دفاعی اشیاء برآمد کرنے کی سازش اور ایک سرکاری اہلکار کو رشوت دینے کا الزام ہے۔

ایف بی آئی کی نیشنل سیکیورٹی برانچ کی لاریسا کناپ کا کہنا ہے کہ آج کے فرد جرم میں جس طرز عمل کا الزام عائد کیا گیا ہے، وہ امریکی دفاع کے لیے اٹھائے گئے حلف کی سنگین غداری کی نمائندگی کرتا ہے۔

’قومی دفاعی معلومات کی حفاظت کرنے کے بجائے، مدعا علیہ نے ایک غیر ملکی شہری کے ساتھ مل کر اسے فروخت کرنے کی سازش کی، جو ممکنہ طور پر ہماری قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔‘

واضح رہے کہ اس ہفتے کے آغاز میں، امریکی تفتیش کاروں نے ریاست نیبراسکا میں ریٹائرڈ کرنل کو گرفتار کیا تھا، ان کے خلاف ایک غیر ملکی ڈیٹنگ ویب سائٹ کے ذریعے ایک شخص کو خفیہ معلومات بھیجنے کا الزام تھا۔

ریٹائرڈ کرنل کی گرفتاری اس کے چند گھنٹے بعد عمل میں آئی جب میساچوسٹس ایئر نیشنل گارڈ کے ایک ایئر مین نے قومی دفاعی معلومات کو غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے اور منتقل کرنے کے 6 الزامات کے تحت اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp