سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نششت کے لیے عمر ایوب خان کا نام اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے آفس میں جمع کرا دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ملک عامر ڈوگر نے اپوزیشن لیڈر کے لیے نام اسپیکر کے دفتر میں جمع کرایا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا، علی محمد خان، ریاض فتیانہ، ڈاکٹر نثار جٹ اور دیگر اپوزیشن ممبران بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم نے حلف اٹھا لیا۔
اس کے علاوہ آج صدر مملکت کا انتخاب بھی ہو گیا ہے اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار آصف زرداری بھاری اکثریت سے ملک کے 14ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن نے پاکستان پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائی ہے۔ اب اس کے بعد سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی ایوان میں سب سے زیادہ تعداد ہے جس کی بنیاد پر اپوزیشن لیڈر کے لیے نام جمع کرایا گیا ہے۔