سعودی عرب نے گوادر کے بارش متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کردیا

اتوار 10 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب نے گوادر کے بارش متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کردیا، سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی عوام بھائی بھائی ہیں، مشکل گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرین بلوچستان کے لیے سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی کا اعلان کیا، اس امدادی سامان میں 9 ہزار شیلٹرز اور 9 ہزار راشن بیگز شامل ہیں۔

سعودی سفیرنے کہا پاکستان کے شہری اور سعودی شہری آپس میں بھائی بھائی ہیں، گوادر اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے یہ سعودیہ کی جانب سے اپنے بھائیوں کے لیے تحفہ ہے۔ پاکستان کے ساتھ شروع سے ہی برادرانہ تعلقات ہیں اور یہ تعلقات آئندہ بھی پاکستان کے ساتھ رہیں گے بلکہ اس سے بھی مضبوط ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے اردو میں گفتگو کرتے ہوئے’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔

سعودی سفیر کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر سعودی قیادت کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، ماحولیاتی تبدیلی جیسے خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ گوادر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امداد کا اعلان کیا، کوشش رہے گی کہ وفاق کے ساتھ مل کر بارش سے متاثرہ لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل گوادر میں کبھی اتنی بارش ریکارڈ نہیں ہوئی، طوفانی بارشوں کے متاثرین کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں، اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp