کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت پر ویوین رچرڈز کا بے ساختہ جشن، ویڈیو وائرل

پیر 11 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے پر ٹیم کے مینٹور سر ویوین رچرڈز کی خوشی قابل دید تھی، سرویوین رچرڈز نے گراؤنڈ میں آکر کھلاڑیوں کے ساتھ بھرپور جشن بنایا، ان کے جشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اتوار کے روز پاکستان سپر لیگ 2024 کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو شکست دی، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم میچ میں محمد وسیم جونیئر نے لاہور قلندر کے کپتان شاہین آفریدی کو آخری بال پر چھکا لگا کر 2 بار کی دفاعی چیمپئن کو شکست سے دوچار کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اس میچ میں لازمی فتح درکار تھی۔

لاہور قلندر نے اس اہم میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا، محمد وسیم جونیئر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے میچ کی آخری گیند پر چھکا لگایا جبکہ ان کی ٹیم کو جیت کے لیے آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت پر ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر ویوین رچرڈز جو کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مینٹور بھی ہیں،  جشن مناتے ہوئے بے ساختہ میدان میں کود پڑے، انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کے ساتھ جشن منایا، جشن کی ویڈیو سوشل میڈیا ایکس پر وائرل ہے۔

یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹررز نے آخری بار سرفراز احمد کی قیادت میں 2019 میں پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کی تھی، رواں سیزن میں اب تک کھیلے گئے لیگ مرحلے کے 9 میچوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 11 پوائنٹس ہیں اور وہ چوتھے نمبر پر ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز منگل کو اپنے آخری لیگ میچ میں ٹیبل ٹاپرز ملتان سلطانز سے مدمقابل ہوگی، اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ملتان سلطانز کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو اسے فائنل میں رسائی کے لیے 2 مواقع ملیں گے۔

دوسری جانب لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 2024 میں اپنی مہم 10 میچوں میں صرف 3 پوائنٹس کے ساتھ ختم کی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندر صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب رہا، 1 پوائنٹ لاہور قلندر کو بارش کی وجہ سے ملا جب 2 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور لاہور قلندر کا میچ بارش کے باعث نہیں کھیلا جاسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp