آنے والے دنوں میں ملک میں مہنگائی بڑھے گی، عمر ایوب نے عوام کو خبردار کردیا

پیر 11 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک میں مہنگائی بڑھے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں میں ملک میں نگراں حکومت نے مہنگائی کی اور اب موجودہ حکومت بھی ملک میں مہنگائی میں تیزی لائے گی، آئندہ دنوں میں اشیائے خور و نوش اور بجلی و گیس کے بلوں میں بے پناہ اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔

عمر ایوب نے کہا کہ یہ اسمبلی نامکمل ہے، غیر قانونی وزیراعظم شہباز شریف اور غیرقانونی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہاؤس ہی مکمل نہیں ہیں اور پنجاب پولیس کے افسران ان کے ذاتی ملازم بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان کے مختلف شہروں میں پاکستان تحریک انصاف کی کال پر احتجاج ہوا، احتجاج میں کوئی گملا تک نہیں ٹوٹا، ستم ظریفی دیکھیں کہ پنجاب میں مریم نواز اور ان کے سہولت کار آئی جی ڈاکٹر عثمان کے کہنے پر پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف دہشتگردی کے پرچے کاٹے گئے۔

’بیرسٹر سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر لطیف کھوسہ جو کہ اس وقت قومی اسمبلی ممبر ہیں، سمیت 100 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا، ان پر مقدمات میں سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں کہ وہ حق و سچ کے لیے آواز نہ اٹھائیں۔‘

عمر ایوب نے کہا کہ اسلام آباد میں شعیب شاہین، شیرافضل مروت، علی بخاری، عامر مغل کے خلاف اسلام آباد پولیس نے مختلف پرچے کاٹے ہیں، ان پرچوں میں ان پر انتہائی سنگین دفعات لگائیں، صرف اس لیے وہ اپنا آئینی و قانونی حق ایکسرسائز کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات کے حق میں آئین و قانون کے تحت ملک بھر میں پرامن مظاہرے جاری رکھیں گے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ذریعے پولیس افسران کے اکاؤنٹس چیک کروائیں گے کہ کس طرح ان پولیس افسران نے شاہ خرچیاں کی اور ان کی کارکردگی کیا ہے۔

’افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پولیس کی کارکردگی صفر ہے، خیبر پختونخوا میں نگراں دور حکومت میں پولیس نے جو کیا اس پر بھی تحقیقات کی جائیں گی اور آڈٹ کیا جائے گا، پولیس کی ابتدائی ذمہ داری عوام کو تحفظ دینا تھی، ہم تحقیقات کروائیں گے کہ نگراں دور حکومت میں صوبے میں جرائم کی شرح زیادہ ہوئی یا کم ہوئی۔‘

ان کا کہنا تھا ’پنجاب پولیس کے افسران کو میں افسران نہیں مریم نواز کا ذاتی ملازم کہوں گا، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ہم شہباز شریف اور مریم نواز کے لیے کام کرنے والے پولیس افسران کو بلائیں گے اور پوچھیں گے کہ انہوں نے جو عوام کے تحفظ کا حلف اٹھایا تھا اس کی کیوں خلاف ورزی کیوں کررہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ فاشسٹ حکومت اپنا ہوش و حواس کھو بیٹھی ہے، اس لیے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم فیس بک، ایکس اور انسٹاگرام بلاک کررہی ہے، پاکستان جدید دور میں سوشل میڈیا کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا سائٹس کو بحال کیا جائے۔

’ہم لوگ قانون کے ذریعے عمران خان، بشریٰ بی بی، شاہ محمود قریشی، چوہدری پرویز الہٰی سمیت اپنی خواتین ممبران کے ساتھ دیگر پارٹی کارکنان کی بازیابی کے لیے ہرممکن کوشش کریں گے۔‘

عمر ایوب نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں مکمل سہولیات دی جانی چاہئیں، ان کے گھر کو سب جیل قرار دے کر چھوٹے سے کمرے تک محدود کیا گیا ہے، جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بشریٰ بی بی کو عمران خان کی کمزوری نہ سمجھیں، وہ عمران خان کی طاقت ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp