پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

پیر 11 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے اور کل 12 مارچ کو پہلا روزہ ہوگا۔

چاند نظر آنے کی پہلی شہادت لاہور سے موصول ہوئی ہے، جس کے بعد رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے باضابطہ اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے مختلف علاقوں سے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اکثر مقامات پر موسم ابر آلود رہا اور کچھ مقامات پر صاف تھا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے سے اعلان کیا جاتا ہے کہ یکم رمضان المبارک 1445 ہجری 12 مارچ 2024 کو ہوگا۔

اس سے قبل چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس ہوا، جبکہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں گزشتہ روز چاند نظر آگیا تھا، جہاں آج پہلا روزہ ہو چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp