ملتان میں خستہ عمارت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال لیا گیا۔
ملتان میں حرم گیٹ محلہ جوادیاں کے قریب سبیل چوک میں 3 منزلہ خستہ عمارت گرنے کا واقعہ صبح 4 بجے پیش آیا، جس میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ریسکیو ٹیموں نے 5 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد ملبے تلے دبے 9 افراد کی لاشیں جبکہ 2 افراد کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کردیا۔
جاں بحق افراد میں گھر کا سربراہ فہیم عباس، 40 سالہ اہلیہ صنوبر، 15 سالہ بیٹا دانش، 14 سالہ وسیم، 13 سالہ کومل اور بختاور، 12 سالہ امیر علی شامل ہیں۔ عمارت میں ایک ہی خاندان رہائش پذیر تھا۔ گرنے والی عمارت نے اردگرد کے گھروں کو بھی متاثر کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان رضوان قدیر نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی وجوہات کی مکمل انکوائری کرائی جائے گی۔ ایسی دیگر عمارات کی انسپیکشن کے لیے ایک تکنیکی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔