سندھ کی 10 رکنی کابینہ آج حلف اٹھائے گی، کس کو کونسی وزارت ملے گی؟

منگل 12 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیئر قیادت نے سندھ کابینہ کے لیے ناموں کی منظوری دے دی ہے، ابتدائی مرحلے میں صوبائی کابینہ میں 10 ارکان شامل ہوں گے جو ممکنہ طور پر آج حلف اٹھا لیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سندھ کابینہ کی تشکیل کے لیے اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی کابینہ کے ارکان کے ناموں کی منظوری دی گئی، اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شریک ہوئے، کابینہ ارکان کے ناموں پر صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی مشاورت کی گئی۔

کابینہ میں کون کون شامل ہوگا؟

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کابینہ کے لیے ناصر حسین شاہ، سعید غنی، شرجیل میمن، عذرا افضل پیچوہو، سید سردار شاہ، ضیا لنجار، محمد بخش مہر، سید ذوالفقار شاہ اور جام خان شورو کا نام فائنل کیا گیا ہے، امکان ہے کہ یہ نامزد وزرا آج حلف اٹھا لیں گے، گورنر سندھ کامران ٹیسوری صوبائی کابینہ کے ارکان سے حلف اٹھائیں گے۔

پیپلز پارٹی زرائع کے مطابق سید ناصر حسین شاہ وزیر اطلاعات سندھ ہوں گے، شرجیل انعام میمن کے پاس ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ٹرانسپورٹ کی وزارتیں ہوں گی۔

 سید سردار شاہ تعلیم اورمعدنیات کے وزیر ہوں گے، سید ذوالفقار شاہ وزیرثقافت اور جام خان شورو وزیر آبپاشی ہوں گے۔

 سعید غنی بلدیات اور پبلک ہیلتھ کے وزیر ہوں گے، علی حسن زرداری وزیرجیل خانہ جات ہوں گے، محمد بخش مہر کے پاس اینٹی کرپشن اور اسپورٹس کے محکمے ہوں گے، جبکہ ڈاکٹر عذرا پیچوہو وزیر صحت سندھ ہوں گی۔

صوبائی کابینہ کی تشکیل میں تاخیر کیوں ہوئی؟

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سندھ کی صوبائی کابینہ کے اب تک نہ بننے کی اہم وجوہات صدر مملکت اور سینٹ کے انتخابات تھے، اب چونکہ اب آصف علی زرداری صدر مملکت بن چکے ہیں لہٰذا پیپلز پارٹی کی واحد مصروفیت سینیٹ کی خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن ہیں جو اب 14 مارچ کو ہوں گے، تاہم ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کے ابتدائی 10 ارکان آج حلف اٹھا لیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کابینہ کے معاملے پر دیر اس لیے ہوئی کیونکہ پارٹی کو دیگر اہم معاملات پر بھی اپنی توجہ مرکوز رکھنا تھی۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کی صوبائی کابینہ بننے میں تاخیر کی وجہ صرف اور صرف آصف علی زرداری کی حلف برداری تھی۔ ان کی حلف برداری ہو چکی ہے لہٰذا آج کابینہ کا اعلان ہونے کا امکان ہے، کابینہ کے ارکان آج ہی عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئی سندھ کابینہ میں صرف 2 یا 3 نئے چہروں کے علاوہ لگ بھگ وہی تمام پرانے چہرے نظر آئیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp