جاپانی کمپنی کا پہلا راکٹ روانگی کے چند سیکنڈ بعد تباہ

بدھ 13 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جاپان کی نجی کمپنی اسپیس ون کا پہلا راکٹ کیروس روانگی کے چند سیکنڈ بعد ہی پھٹ کر تباہ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ راکٹ بدھ کو مغربی جاپان میں کائی نامی جزیرہ نما سے روانہ کیا جا رہا تھا۔ راکٹ کے پھٹنے سے آسمان پر دھواں پھیل گیا اور راکٹ کا جلتا ہوا ملبہ لانچنگ پیڈ پرآگرا۔ جاپانی حکام کے مطابق، حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ ایک 60 فٹ طویل فور سٹیج راکٹ تھا جسے جاپان کی ایک نجی کمپنی ’اسپیس ون‘ لانچ کرنے جا رہی تھی۔ اس راکٹ نے جاپانی حکومت کے ایک سیٹلائٹ کو صرف 51 منٹ میں زمین کے گرد مدار میں پہنچانا تھا۔

ابتدائی طور پر حادثے کی وجوہات اور اس کے باعث ممکنہ طور پر کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملیں، البتہ اسپیس ون نے کہا ہے کہ یہ راکٹ بہترین خودکار نظام کے تحت لانچ کیا جا رہا تھا اور کنٹرول سینٹر میں صرف 12 افراد موجود تھے۔

جاپان کی نجی خلائی کمپنی اسپیس ون 2018 میں قائم کی گئی تھی۔ اس کمپنی کو کینن الیکٹرانکس، آئی ایچ آئی ایرو سپیس، شیمیزو اور ڈیویلپمنٹ بینک آف جاپان نے مل کر بنایا تھا۔

اسپیس ون کا مقصد مقامی اور غیرملکی صارفین کو ’اسپیس کوریئر سروس‘ فراہم کرنا تھا جس کے تحت کمپنی رواں عشرے کے آخر تک سالانہ 20 راکٹ لانچ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ جاپان کو خلائی مشنز کی تیاری میں پہلے بھی کئی بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم رواں برس جنوری میں جاپان چاند پر پہنچنے والا پانچواں ملک بن گیا تھا۔ جاپان سے قبل امریکا، سوویت یونین، چین اور بھارت کے خلائی جہاز چاند پر لینڈنگ کرچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp