پی ٹی آئی کارکنوں کو ڈانٹ دینے پر شیر افضل مروت کی معذرت

جمعہ 15 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے ٹی وی اینکر مبشر لقمان سے ملنے پر اعتراض کرنے پر پارٹی کارکنوں کو ڈانٓٹ دینے پر معذرت کرلی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ’اگر پی ٹی آئی کارکنوں کو میرے ریمارکس پر تکلیف پہنچی ہو تو میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں‘۔

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ صحافی مبشر لقمان نے میرے سامنے کسی کو گالی نہیں دی، وہ اس وقت سے میرے کلائنٹ تھے جب ان کا لگاؤ تحریک انصاف کے ساتھ تھا، لہٰذا مجھے پی ٹی آئی کارکن نہ بتائیں کہ میں کس کے ساتھ بیٹھوں اور کس کے ساتھ نہیں۔

قبل ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو دوران جب ایک صحافی نے نشاندہی کی کہ ان کی مبشر لقمان سے ملاقات پر کارکنوں کو اعتراض ہے تو انہوں نے کہا تھا کہ ’کارکن میرے باپ مت بنیں کہ وہ مجھے بتائیں کہ میں کیا کروں اور کس ساتھ بیٹھوں یا نہ بیٹھوں‘۔

 پی ٹی آئی کارکنان کا اعتراض یہ تھا کہ شیر افضل مروت رکن قومی اسمبلی بننے سے قبل عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف بات کرنے والوں کا گریبان پکڑ لیا کرتے تھے لیکن اب ان کے ساتھ بیٹھتے ہیں۔

اس پر شیر افضل مروت نے واضح کیا تھا کہ مبشر لقمان کے ساتھ ان کا انٹرویو تھا اور کارکن اس طرح نہ کریں کہ ہمارے باپ بننا شروع ہو جائیں اور انہیں بخوبی پتا ہے کہ ان کی حدود کیا ہیں۔

شیر افضل مروت کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’سب کارکنان کان کھول کر سن لیں 30 برس سے شعبہ وکالت سے منسلک ہوں، مبشر لقمان کی 8 برس تک وکالت کی ہے، اگر کسی کے ساتھ میرا پرانا تعلق ہے تو کوئی میرے ان کے ساتھ بیٹھنے پر اعتراض نہ کرے‘۔

تاہم اب شیر افضل مروت کو یہ احساس ہوا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں کے اعتراض پرسخت الفاظ کہہ ڈالے اس لیے انہوں نے ایسے تمام کارکنان سے معذرت کرلی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp