ہدایات لے کر پھوٹ مت ڈلوائیں، چیئرمین سنی کونسل کا شیرافضل مروت کے بیان پر ردعمل

جمعہ 15 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے شیر افضل مروت کے حالیہ بیان  پر کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دوست اپنے معاملات گھر میں ہی حل کریں تو بہتر رہے گا۔

ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے شیر افضل مروت کو مشورہ دیا کہ وہ’ ہدایات لے کر پھوٹ مت ڈلوائیں‘۔

یاد رہے کہ جمعرات کو شیر افضل مروت نے تحریک انصاف کے غلط فیصلوں کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بلے باز کیوں آیا، کیسے آیا اس کا پتا لگانا ضروری ہے‘۔

اس پر پی ٹی آئی کے ایک اور سینیئر رہنما سینیٹر علی ظفر نے بھی کہہ دیا تھا کہ شیر افضل مروت سچ بول رہے ہیں اور مولانا شیرانی گروپ اور مجلس وحدت المسلیمین ( ایم ڈبلیو ایم)  کے ساتھ ہی اتحاد کی بات فائنل ہوئی تھی۔

اپنے ردعمل میں صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کا فیصلہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی  نے کیا تھا اس کے لیے میری طرف سے کوئی درخواست نہیں کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نشان سے لے کر مخصوص نشستوں تک میرے پاس بتانے کو بہت کچھ ہے اور اگر ٹاک شوز میں بیٹھ کر کچھ بول دیا تو کئی لوگ شکل دکھانے کے قابل   نہیں رہیں گے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ’میری کمٹمنٹ  سابق چیئرمین پی ٹی آئی  کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ محض میڈیا پبلسٹی کے لیے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا برا نہیں سوچ سکتے اسی لیے خاموش ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp