اب فیصلے ہم خود کریں گے، پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت نے وکلا عہدیداروں کو پیغام دیدیا

ہفتہ 16 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے پی ٹی آئی کے مشکل وقت میں وکلا نے بہترین کردار ادا کیا ہے مگر اب سیاسی فیصلے سیاسی قیادت کرے گی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی آج عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے اور اب یہ سلسلہ آگے چلتا رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے سینیٹ کے انتخابات میں نظریاتی کارکنوں کو ٹکٹ دیے ہیں جو مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا فیصلہ عمران خان کی مشاورت سے ہوا تھا۔ ہماری ایم ڈبلیو ایم سمیت دیگر جماعتوں سے بھی بات چل رہی تھی مگر حتمی فیصلہ سنی اتحاد کونسل کے حوالے سے ہوا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی لیڈر شپ میں سنی اتحاد کونسل کے حوالے سے اتحاد کو لے کر اختلافات سامنے آئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سنی اتحاد کونسل سے اتحاد اُس وقت کے معروضی حالات کے مطابق درست فیصلہ تھا۔

دوسری جانب سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا فیصلہ درست نہیں تھا۔

اس کے علاوہ اسد قیصر، شیر افضل مروت نے بھی سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اتحاد کے فیصلے کو غلط قرار دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp