پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی چیئرمین عمران خان کو مختلف مقدمات میں 5 اگست 2023 کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔
عمران خان کے خلاف مقدمات میں توشہ خانہ، سائفر، عدت میں نکاح اور 9 مئی سے متعلق کیسز شامل ہیں۔ کوئی بھی سیاسی رہنما ہو، اس کے جیل جانے کے بعد کی کہانی کافی دُکھ بھری ہی ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں
بیماری سے لے کر نا پسندیدہ کھانوں تک ہر چیز کو نہ چاہتے ہوئے بھی سہنا پڑتا ہے۔ بہت سے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے جیل میں کھانے کے حوالے سے بھی بہت سی شکایات ہمیشہ سامنے آتی رہی ہیں اور یہ تشویش ہر کسی کو رہتی ہے کہ آخر کار جیل میں قیدیوں کو کھانے میں کیا دیا جاتا ہے، عمران خان کے جیل میں جانے کے بعد خصوصاً اڈیالہ جیل میں قیدیوں کو دیے جانے والے کھانے سے متعلق ہر کوئی متجسس ہے۔
یہ جاننے کے لیے ’وی نیوز ‘ نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے یہ جاننے کہ کوشش کی کہ اڈیالہ جیل میں قیدیوں کو سحری اور افطاری میں کھانے کو کیا دیا جاتا ہے؟
اس حوالے سے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اسد وڑائچ نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سحری اور افطاری میں چند چیزوں کے علاوہ قیدیوں کو صبح ناشتے میں جو دیا جاتا تھا وہ اب سحری میں دیا جاتا ہے، اسی طرح عام دنوں میں جو دوپہر کو کھانے میں دیا جاتا تھا، اب وہ افطار میں دیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب صبح کے ناشتے سے ہٹ کر سحری میں ابلا ہوا 1 انڈہ اضافی دیا جاتا ہے اور شام میں افطار کے وقت دوپہر کے مینیو کے ساتھ ہر قیدی کو 1 عدد سموسہ، شربت ملا دودھ اور 5 عدد کھجوریں دی جاتی ہیں۔
عام دنوں میں ناشتے کا کیا مینیو ہوتا ہے؟
انہوں نے عام دنوں کے مینیو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عام دنوں میں سوموار کے دن قیدیوں کو صبح کے ناشتے میں چائے، روٹی اور آلو کی بھجیا دی جاتی ہیں۔ منگل کو چائے، روٹی اور سفید چنے، بدھ کو چائے، روٹی اور کالے چنے اور اسی طرح اگلے 3 دن یعنی جمعرات، جمعہ اور ہفتہ اسی ترتیب سے مینیو دہرایا جاتا ہے۔ جبکہ اتوار کو چائے، روٹی اور حلوہ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان میں سحری میں اسی مینیو کے ساتھ روز 1 عدد فی قیدی ابلا ہوا انڈہ اضافی دیا جاتا ہے۔
عام دنوں میں دوپہر کے کھانے کا مینیو کیا ہوتا ہے؟
عام دونوں میں دوپہر کے کھانے کے مینیو کے بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دوپہر کے کھانے میں سوموار کو گوشت مرغ، سفید چنا اور روٹی دی جاتی ہے۔ منگل کو دال چنا کے ساتھ روٹی جبکہ مہینے کے پہلے منگل کو نمکین چاول اور دال چنا، بدھ کو دال ماش اور روٹی، جمعرات کو گوشت مرغ، دال اور روٹی، جمعہ کو سفید چنا اور روٹی، ہفتہ کو سبزی اور روٹی اور اتوار کو دال مسور، مونگ مکس اور روٹی دی جاتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان میں افطار کے وقت اس مینیو کے ساتھ روز 1 سموسہ، دودھ ملا شربت اور 5 عدد کھجوریں دی جاتی ہیں۔
عمران خان کو سحر اور افطار میں کیا دیا جاتا ہے؟
عمران خان کے سحر اور افطار کے کھانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بھی باقی قیدیوں کی طرح سحری اور افطاری میں کھانے میں یہی چیزیں دی جاتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی قیدی اپنی پسند سے کچھ کھانا چاہے تو جب ملاقات کے لیے ان کے گھر والے یہاں آتے ہیں تو وہ ان سے فرمائش کر کے وہ چیز منگوا سکتا ہے اور جس کو جیل کے کھانے کے علاوہ کچھ کھانا ہوتا ہے تو وہ اسی طرح اپنے گھر سے منگوا سکتا ہے۔
رمضان میں کچھ ڈونرز بھی قیدیوں کو کھانا دیتے ہیں، جیل سپرنٹنڈنٹ
جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تا کہ رمضان میں کچھ ڈونرز ہوتے ہیں وہ تقریباً ہر سال قیدیوں کے لیے کھانا بھجواتے ہیں جس میں مرغن کھانے اور چاول وغیرہ شامل ہوتے ہیں، تو یوں اکثر اوقات رمضان میں قیدیوں کے لیے ڈونرز کی جانب سے بھی کھانا آتا ہے۔