پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی استحکام آئے مگر یہ عمران خان کے بغیر ممکن نہیں، اس لیے بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہاکہ عوام نے 8 فروری کو عمران خان کے خلاف تمام فیصلوں کو مسترد کردیا ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ ہم کچھ بھی کر لیتے ہماری پارٹی کے ساتھ جو ہوا یہی ہونا تھا۔ اب ہمیں سینیٹ میں بھی دیوار سے لگانے کی کوشش ہو رہی ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہاکہ ہم نے الیکشن سے قبل بلے باز سے اتحاد کیا تو اسے شیخوپورہ سے پکڑ لیا گیا، اب مختلف جماعتوں کے حوالے سے اتحاد پر سب لوگوں کی اپنی آرا ہیں۔ مختلف لوگوں سے سوال ہوں گے تو وہ اپنی اپنی آرا دیں گے، اس کو پی ٹی آئی میں اختلاف سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔
جس نظام کو عوام قبول نہ کریں وہ خش و خاشاک کی طرح بہہ جاتا ہے
پی ٹی آئی نے رہنما نے کہاکہ فراڈ کی بنیاد پر قائم کی گئی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی، جس نظام کو عوام قبول نہ کریں وہ خش و خاشاک کی طرح بہہ جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کفر کا نظام تو چل سکتا ہے مگر ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔ مارشل لا ایڈمنسٹریٹر پرویز مشرف بھی بہت مکے لہراتا تھا مگر اسے بھی کرسی چھوڑنا پڑی تھی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ فارم 45 کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے۔