نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی عمارت اور وہاں دی گئی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے جلد ایک حتمی پلان پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
تفصیلات کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر اور مینیجر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم نے بریفنگ دی ۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کے لیے دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف انکلوژرز اور باکسز کا معائنہ کیا اور فراہم کردہ سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
’بہترین پچز تیار کی جائیں‘
چیئرمین پی سی بی نے متعلقہ حکام کو شائقین کرکٹ کے نئے ویو کو بہتر بنانے اور میچ کے ویو کو بہتر بنانے کے لیے انکلوژر کے حفاظتی جنگلے مزید آگے بڑھانے کی ہدایات کی۔ انہوں نے میچوں کے لیے بہترین پچز تیار کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ نشستوں کو بہتر اور آرام دہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے اسٹیڈیم کی عمارت کو بہتر اور خوبصورت بنانے اور اسٹیڈیم کی دیکھ بھال پر مستقل و خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی۔
محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن کے پلان کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر اس پر بلا تاخیر کام شروع کیا جائے۔
اپنے دورہ کے دوران چیئرمین پی سی بی نے اسٹیڈیم کے گراؤنڈ مینز سے بھی ملاقات کی۔ محسن نقوی نے گراؤنڈ کی عرصہ دراز سے دیکھ بھال کرنے والے عملے کو گلے لگایا اور شاباش دی۔