ورلڈ کپ کوالیفائرز: پاکستان کو اردن سے شکست، مہمان ٹیم کا شائقین کو خراج تحسین

جمعرات 21 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز راؤنڈ 2 میں اردن نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں صفر گول سے ہرادیا۔

اسلام آباد میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کے راؤنڈ 2 کے میچ میں پاکستان کا اردن سے مقابلہ تھا جو مہمان ٹیم نے کلیئر کٹ مارجن سے جیت لیا۔

اردن نے پہلے ہاف میں 2 جبکہ دوسرے میں ایک گول کیا۔ موسیٰ التماری نے 2 اور علی الوان نے ایک گول اسکور کیا۔

پاکستان کے گول کیپر یوسف اعجاز بٹ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا ورنہ قومی ٹیم کو مزید گول کھانے پڑتے۔ یوسف اعجاز نے نے پینلٹی سمیت کئی یقینی گول بچائے۔

اردن کے موسیٰ التماری مین آف دی میچ قرار پائے۔ یاد رہے کہ کوالیفائر گروپ میں اردن کی تیسری جبکہ پاکستان کی چوتھی پوزیشن ہے اور سعودی عرب 4 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سر فہرست ہے۔

3، 4 ماہ میں ٹیم کی تیاری آسان نہیں، پاکستانی ہیڈ کوچ

میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسینٹائن نے کہا کہ اردن کے خلاف میچ اس لیے نہیں جیت سکے کہ 3 یا 4 ماہ میں ٹیم کو تیار کرنا آسان نہیں ہوتا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے کھیل میں وقت کے ساتھ ساتھ بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے پہلے 15 منٹ میں 2 گول ہوجانا پریشان کن تھا لیکن میچ کی شکست پر دکھ ہے۔

پاکستانی کوچ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور اگلے میچز میں بہتر پلاننگ کی جائے گی۔

گول کیپر یونس بٹ نے کہا کہ آج پاکستان اچھا کھیلا ہے اور ہر گول بچانے کی کوشش کی گیئ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کا بہت ٹیلنٹ ہے اور ملک میں فٹ بال کی بہتری کے لیے لیگ کا ہونا ضروری ہے۔

رمضان میں کھیلنا مشکل ہوتا ہے، اردنی ہیڈ کوچ

اس موقع پر اردن کے ہیڈ کوچ حسین عموتا نے کہا کہ میچ سے قبل معلوم تھا کہ میچ آسان نہیں ہوگا اور ان کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف میچ کی تیاری کے لیے 5 روز ملے تھے تاہم ٹیم نے تسلسل کے ساتھ کھیلنے اور پاکستان کو میچ میں پریشر میں رکھنے کی کوشش کی

اردن کے کوچ نے کہا کہ ان کے کھلاڑیوں نے کافی شاٹس ٹارگٹ پر مارے تاہم رمضان میں کھیلنا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے اردن کی ٹیم کے کھیل کو سراہنے پر پاکستانی شائقین فٹ بال کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اردن کے فٹ بالرموسیٰ التیماری نے کہا کہ پاکستانی فٹ بال شائقین فیملی کی طرح ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp