ناران میں برفانی تودہ گرنے سے 20 ہوٹل متاثر، امدادی سرگرمیوں میں دشواری

جمعہ 22 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام ناران میں برفانی تودہ گرنے سے 20 ہوٹلز کو نقصان پہنچا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق واقعے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق واقعہ 19 اور 20 مارچ کی درمیانی شب پیش آیا۔ تاہم پورا علاقہ خالی ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے کمشنر ہزارہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ کمشنر کو ارسال کردہ رپورٹ کے مطابق برفانی تودہ ناران میں جھیل روڈ پر واقع ہوٹلز پر گرا۔ جس کی اطلاع مقامی ہوٹلز مالکان نے انتظامیہ کو دی جو پیدل چل کر متاثرہ جگہ تک پہنچے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ناران جانے والے تمام سڑکیں برف باری کے باعث بند ہیں۔ اور جس جگہ تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے وہاں لوگ موجود نہیں تھے۔ ہوٹلز اور مکانات خالی تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 20 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جن میں 8 بڑے ہوٹلز بھی شامل ہیں۔ مزید لکھا ہے کہ راستے بند ہونے اور زیادہ برف کے باعث اس وقت امدادی سرگرمیاں شروع کرنا ممکن نہیں جو عید کے بعد ممکن ہوں گی۔

وزیراعلیٰ کا نوٹس

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ناران میں ہوٹلوں اور گھروں پر گلیشیئر گرنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور کمشنر ہزارہ کو متاثرہ گھروں اور ہوٹلوں تک امدادی ٹیمیں پہنچانے کے سلسلے میں ناران روڈ کو کھولنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ روڈ کھولنے کے بعد اگلے مرحلے میں گلیشیئر کے نیچے دبے گھروں اور ہوٹلوں پر سے ملبہ ہٹانے کے لیے انتظامات کیے جائیں اور واقعے میں ہونے والے مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp