سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود پاکستان کے ایک روزہ دورے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ میں شرکت کی، تقریب کے بعد ان کی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی۔
مزید پڑھیں
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سعودی عرب کے وزیر دفاع کا نور خان ایئر بیس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے مسلح افواج کی مشترکہ یومِ پاکستان پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر خصوصی طور پرشرکت کی۔
تقریب میں آمد پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کا استقبال کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے شاندار جوائنٹ سروسز پریڈ کا مشاہدہ بھی کیا۔
تقریب کے بعد شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب اور پاکستان کے آپس میں تاریخی اور مضبوط تعلقات ہیں، وزیر دفاع
اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر دفاع نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان کے آپس میں تاریخی اور مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ملک ہمیشہ ایک دوسرے کے خیرخواہ رہے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کا دورہ کرنے پر آرمی چیف نے سعودی عرب کے وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی وزیر دفاع نے بھی یوم پاکستان پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر مدعو کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف نے سعودی مہمان کو نور خان ایئر بیس سے خداحافظ کہا
پاکستان کے ایک روزہ کامیاب دورے کے بعد سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز وطن واپس روانہ ہو گئے۔
روانگی سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان کو نور خان ایئر بیس سے خدا حافظ کہا۔
سعودی وزیر دفاع کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات
دریں اثنا سعودی وزیر دفاع کی وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔