چین نے کہا ہے کہ چینی پیپلز لبریشن آرمی کے اعزازی گارڈز کے وفد نے 84 ویں ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر 23 مارچ کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں فوجی پریڈ میں شرکت کی، جو دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات کا نیا رنگا رنگ باب ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ یہ شرکت چین اور پاکستان کے درمیان منفرد اور گہری دوستی کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔
مزید پڑھیں
’چین کے فوجی دستے کی پریڈ نے دونوں ممالک کے درمیان منفرد رشتے کی عکاسی کی اور عسکری تعلقات کے ایک نئے رنگارنگ باب کا آغاز کیا‘۔
انہوں نے کہاکہ چاروں موسموں کے تزویراتی شراکت دار اور آہنی دوست کی حیثیت سے چین کی دلی تمنا ہے کہ پاکستان کو قومی ترقی و خوشحالی کے نصب العین میں مزید نئی اور بڑی کامیابیاں حاصل ہوں۔
ترجمان نے مزید کہاکہ ہندوستان اور چین کے درمیان سرحد کبھی طے نہیں ہوئی، یہاں 4 مختلف طبقے ہیں اور زنگنان بھارت کے غیر قانونی قبضے سے پہلے بھی ہمیشہ چین کا حصہ رہا ہے۔
لین جیان نے کہاکہ 1987 میں ہندوستانی فریق نے اس غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقے پر نام نہاد اروناچل پردیش قائم کیا، ہم نے بھارت کے اقدامات کے خلاف سخت بیانات جاری کیے ہیں اور زور دیا ہے کہ ان کی کارروائی غیر موثر ہے اور چین کے اس موقف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔