سابق سینیٹر طلحہ محمود نے جے یو آئی کو خیرباد کہہ دیا، پیپلز پارٹی میں شامل

منگل 26 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق سینیٹر اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور طلحہ محمود نے جمعیت علمائے اسلام کو خیرباد کہتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلحہ محمود نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل صدر آصف علی زرداری سے طویل ملاقات ہوئی اور انہوں نے پیپلزپارٹی میں باضابطہ شمولیت کی دعوت دی جو انہوں نے غور وفکر کے بعد قبول کی ہے۔

طلحہ محمود نے کہا کہ ملک اس وقت بحران سے گزر رہا ہے، ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ 9 سال تک وزارت داخلہ کی کابینہ کمیٹی کے چیئرمین رہے،2022 میں وفاقی وزیر مملکت برائے فرنٹیئر ریجن بنایا گیا تو میں کمیٹی کی چیئرمین شپ سے علیحدہ ہوگیا، کیونکہ میں 2 عہدے نہیں رکھ سکتا تھا۔

’مفتی عبدالشکور کی وفات کے بعد مجھے وزارت مذہبی امور دی گئی، اس وقت حج آپریشن کے لیے 2 مہینے رہتے تھے، میڈیا کے دوست گواہ ہیں کہ میں نے دونوں وزارتوں پر کس طرح دن رات کام کیا، میں نے اپنی زندگی صاف ستھری گزارنے کی کوشش کی ہے، 18 سال سے میں نے حکومت سے تنخواہ سمیت کسی قسم کی مراعات نہیں لی۔‘

طلحہ محمود نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی قوم کی بہتری کے لیے اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ ’اس وقت سخت ضرورت ہے کہ میں قومی سطح پر پاکستان کے لیے کچھ کروں۔‘

انہوں نے کہا ’اس وقت قومی سطح پر پیپلزپارٹی سے بہتر کوئی جماعت نہیں ہے، اس لیے میں اس پارٹی میں شامل ہوا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے کہ اس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے حالات بہتر کرنے میں حصہ ڈالے۔‘

طلحہ محمود کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سیکیریٹری جنرل نیئربخاری نے کہا ’طلحہ محمود کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے پیپلز پارٹی کو اس قابل سمجھا کہ وہ ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہے‘۔

رہنما پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارٹی طلحہ محمود کی سیاسی بصیرت سے فائدہ اٹھائے گی، ان کے پارٹی میں آںے سے خیبرپختونخوا سے اور بھی دوست ہمارے ساتھ شامل ہوں گے اور پیپلزپارٹی کو خیبرپختونخوا میں مضبوط کریں گے۔

’تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بننے جارہا ہے‘

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں آج خواتین کی مخصوص نشستوں کی تقریب حلف برداری ہونا تھی، اسپیکر صوبائی اسمبلی حلف برداری کی تقریب ہونے نہیں دے رہے اور وہ خواتین کو حلف اٹھانے سے روکنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔

’ان کو خوف ہے کہ اگر خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر حلف لے لیا جاتا ہے تو وہ بہت سی سینیٹ کی سیٹیں ہار جائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی آئینی عہدے پر بیٹھے ہوئے ہیں، وہ کسی سیاسی جماعت کے نمائندے نہیں ہیں، وہ قانون پر عملدرآمد کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ باتیں سننے میں آرہی ہیں کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے اندر فارورڈ بلاک بن چکا ہے، خیبرپختونخوا سے بھی آوازیں آرہی ہیں کہ بہت جلد ایک پریس کانفرنس ہوگی اور فارورڈ بلاک کا اعلان ہوجائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp