وزیراعظم پاکستان کی چینی انجینیئرز پر حملے کی مذمت، بیجنگ نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا

منگل 26 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، حکومت بشام واقعہ کی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دے گی۔

مزید پڑھیں

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ کا دورہ کیا اور چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ سے بشام میں دہشت گرد حملے میں 5 چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا۔

حکومت واقعہ کے ذمہ دار و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں، پاکستانی حکومت واقعہ کی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی۔ چینی سفیر سے گفتگو میں وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کیلئے واقعہ کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا۔

دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا

وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

 چینی سفیر نے وزیرِاعظم کی سفارتخانہ آمد اور واقعہ کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور وزیرِاعظم کے پاک چین دوستی کے حوالے سے عزم کی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، وزیراعظم پاکستان

دریں اثنا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اور چین بشام میں دہشت گردی کے گھناؤنے فعل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے چینی سفارتخانہ کا دورہ کیا تاکہ دہشت گردی کے اس گھناؤنے فعل پر اظہار تعزیت کیا جا سکے جس میں ایک پاکستانی اور 6 چینی شہری ہلاک ہو ئے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، پاک چین دوستی کے خلاف اس حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اس گھناؤنے فعل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہیں۔

چین کا شانگلہ حملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ

دریں اثنا پاکستان میں چینی سفارتخانے اور قونصل خانے نے اپنے بیان میں دہشت گردی کی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔

چینی سفارتخانے کی جانب سے دونوں ممالک کے شہریوں کی ہلاکت پر  گہرے رنج، تعزیت اور متاثرین کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔

پاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصل خانے نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کر کے قصورواروں کو سخت سزا دے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں  خودکش حملہ آور نے بارود سے  بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 5  چینیوں سمیت 6 افرا د ہلاک ہوگئے۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق گاڑی اسلام آباد سےکوہستان جارہی تھی۔ چینی انجنیئرز اسلام آباد  سے داسوکیمپ میں جا رہے تھے۔

خودکش حملے میں پانچ چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ خودکش حملے میں ہلاک  ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp