وفاقی کابینہ: پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ کی منظوری، طارق باجوہ چیئرمین مقرر

منگل 26 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) ہولڈنگ کمپنی کے 11 رکنی بورڈ کی منظوری دیدی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی اجازت سے سرکولیشن کے ذریعے سمری منظور کرائی گئی ہے۔

پاکستان ایئر لائن کی نجکاری کا دوسرا اہم ترین مرحلہ بورڈ کی منظوری کے بعد عبور کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 11 رکنی بورڈ کا چیئرمین سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کو بنایا گیا ہے جبکہ اس میں 7 خود مختار ڈائریکٹرز اور 4 سرکاری افسران بھی شامل ہوں گے، جس کی منظوری دیدی گئی ہے۔

اب پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے واجبات اور اثاثوں کو بھی ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پی آئی اے کی تنظیم نو اور نجکاری کے لیے اسکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری دی گئی تھی۔

مسلم لیگ ن نے عام انتخابات سے قبل ہی کہہ دیا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آتی ہے تو نقصان میں چلنے والے اداروں کی نجاری کرے گی، مگر پیپلزپارٹی اداروں کی نجکاری کے خلاف تھی۔ مگر موجودہ معاشی صورت حال میں پیپلزپارٹی کو بھی نقصان میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کے لیے راضی کر لیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp