پاکستان اورشمالی یورپ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں شمالی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر0.43 فیصد اضافہ جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 20 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، یوکے اور شمالی یورپ کے دیگر ممالک کو پاکستانی برآمدات کاحجم 1.774 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 0.43 فیصد زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمالی یورپ کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو1.767 ارب ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
فروری میں شمالی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 221.97 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو جنوری میں 229.11 ملین ڈالر اور گزشتہ سال فروری میں 208.96 ملین ڈالر تھا۔
مالی سال 2023 میں شمالی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 2.586 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات کاحجم 918.47 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات کاحجم 765.82 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ فروری میں شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات کاحجم 114.33 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوجنوری میں 89.70 ملین ڈالر اور گزشتہ سال فروری میں 90.07 ملین ڈالرتھا۔
مالی سال 2023 میں شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات کاحجم 1.060 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔