پاکستانی تاجر بھارت کے ساتھ تجارت کی بحالی چاہتے ہیں، جائزہ لیں گے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار

ہفتہ 23 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے تاجر بھارت کے ساتھ تجارت کی بحالی چاہتے ہیں۔

برسلز میں نیوکلیئر سمٹ میں شرکت کے بعد اسحاق ڈار نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے ساتھ تجارت کھولنے کے حوالے سے ہم جائزہ لیں گے۔

انہوں نے کہاکہ 16 ماہ کی اتحادی حکومت کا ایک ہی مشن تھا کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جائے اور پی ڈی ایم اپنے اس مشن میں کامیاب رہی۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ 2018 میں ہم دنیا کی 24ویں معیشت تھے مگر پی ٹی آئی نے ملک کو 47ویں معیشت تک پہنچا دیا، ان لوگوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا اور جاتے جاتے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ اگر امریکی سفیر نے عمران خان سے ملنے کی درخواست کی تو اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔

ایکس کی بحالی کے لیے کردار ادا کروں گا

انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کے غیرذمہ دارانہ استعمال کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے، ’ایکس‘ کی بحالی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ لندن میں کاروباری اور سیاسی افراد سے ملاقات ہوئی تو وہاں پر بھی ایکس کی بندش کا مسئلہ زیر بحث آیا۔

انہوں نے کہاکہ چیزیں ٹھیک ہونے میں وقت تو لگے گا، یہ نہیں ہو سکتا کہ نئی حکومت آتے ہی سوئچ آن آف کرے گی اور چیزیں ٹھیک ہو جائیں گی۔

دسمبر 2025 تک مہنگائی کو 10 فیصد تک لانے کی کوشش کریں گے

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے اگلے 5 سال میں معیشت کی بحالی کا روڈ میپ دیا ہے۔ دسمبر 2025 تک مہنگائی کو 10 فیصد تک لانے کی کوشش کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ عالمی مالیاتی اداروں کو جوہری توانائی کے منصوبوں سے متعلق تعاون کرنا چاہیے، دنیا تسلیم کر رہی ہے ہائیڈرو نیوکلیئر انرجی محفوظ ترین توانائی کا ذریعہ ہے۔

لندن میں اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس کے موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل بھی ان کے ہمراہ تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp