آئندہ 5 دن کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی پریس ریلیز کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج (بروز بدھ ) ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہوگا اور 28 مارچ کو ملک کے بالائی اور وسطی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا جو کہ 31 مارچ تک ان علاقوں میں بارش کا سبب بنے گا۔
مزید پڑھیں
مغربی ہواؤں کے باعث خیبر پختونخوا میں 27 سے 31 مارچ کے دوران چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بونیر، باجوڑ، وزیرستان، کوہاٹ، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مالاکنڈ، مہمند، کرک، خیبر، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان اورکرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،29 اور30 مارچ کے دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
27 مارچ سے اپریل کے دوران یکم اپریل کے دوران گلگت بلتستان کے علاقوں دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے، شگر اور آزاد کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میر پورمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، 29 اور30 مارچ کے دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 سے 31 مارچ کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اورمیانوالی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
28 سے 30 مارچ کے دوران ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ، ، ملتان، پاکپتن، ساہیوال، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، صادق آباد، خان پور، بہاولپور اور بہاولنگرمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اس دوران بعض اضلاع میں چند مقامات پرجھکڑ اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
بلوچستان میں 27 سے 29 مارچ کے دوران ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ، قلات اور خضدار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، صوبے کے جنوبی اضلاع میں موسم خشک اورگرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
سندھ میں 28 اور29 مارچ کے دوران سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ اور دادو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، صوبے کے جنوبی اضلاع میں موسم خشک اورگرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی وارننگ
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 اور 30 مارچ کو تیز بارش کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے، آندھی،جھکڑ اور تیز بار ش کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے سیاحوں اور کسانوں کو آندھی اور بارش کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور متعلقہ اداروں کو بارش سے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔