پنجاب اسمبلی میں ان دنوں بجٹ پر بحث جاری ہے، حکومتی اور اپوزیشن اراکین بتا رہے ہیں کہ ان کے حلقوں کے لیے کتنا بجٹ رکھا گیا، اگر نہیں رکھا گیا تو اس جانب توجہ مبذول کرائی جا رہی ہے۔
آج بھی پنجاب اسمبلی میں بجٹ پر بحث جاری تھی کہ اپوزیشن کے ایک رکن نے ڈپٹی اسپیکر ظہیر چنڑ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ کہاں گیا؟ گوچی کے مہنگے جوتے پہننے والی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھاری بھر کم بوٹوں سے ووٹ کی عزت کو روندا ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے مزید کہاکہ یہاں پر سب چیزیں بناوٹی ہیں، ویسے بھی لگتا ہے کہ پنجاب میں کاسمیٹکس کی زیادہ ضرورت ہے، مریم نواز مہنگے برانڈ کے جوتے اور کپٹرے پہنتی ہیں، میک اپ پر لاکھوں خرچ کیے جاتے ہیں، ان کا عوام سے کیا لینا دینا۔
مریم نواز پر تنقید: رخسانہ کوثر کا اپوزیشن کو جواب
اپوزیشن کی طرف سے مسلسل تنقید پر حکومتی رکن رخسانہ کوثر نے ایوان کے اندر جواب دیتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی مہنگے جوتے پہنتا ہے تو وہ اپنی جیب سے پہنتا ہے اور اگر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز میک اپ کرواتی ہیں تو کسی کہ پیسوں سے نہیں کرواتی۔ اس لیے کسی کو اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ایوان میں آئے روز کپٹروں اور میک اپ پر بات کی جاتی ہے، اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ اسمبلی کے اندر تعمیری گفتگو کرے جس سے کسی کو فائدہ ہو سکے۔
رخسانہ کوثر نے اپنی گفتگو میں کہاکہ مریم نواز نے بے گناہ جیلیں کاٹی ہیں، انہیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
آئی جی پنجاب عثمان انور کو ایوارڈ کیوں دیا گیا؟
پنجاب اسمبلی کے ایوان میں جہاں میک اپ، گوچی کے جوتوں پر بحث ہوئی وہیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی زیرِبحث رہے۔
اپوزیشن کے رکن امین اللہ خان نے کہاکہ آئی جی پنجاب کو کس حیثیت سے ایوارڈ سے نوازا گیا، ان کی کیا خدمات ہیں، آئی جی نے تو 2 سالوں میں لوگوں کی چادر اور چاردیواری کا تقدس ہی پامال کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس عرصے میں ہمارے گھروں پر چھاپے مارے گئے، بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا، 9 مئی کے واقعہ کو آڑ بنا کر پولیس نے خوب کمائی کی، کیا اس وجہ سے آئی جی پنجاب کو تمغہ امتیاز دیا گیا ہے۔
اپوزیشن رکن نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ میں حکومت دودھ اور شہد کی دعویدار تھی مگر عوام کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔
مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کرے گا، وزیر خزانہ
بعد ازاں بجٹ پر بحث سیمٹتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، اپوزیشن اپنے دور حکومت کو یاد کرے جب ہم پر ظلم ڈھائے جا رہے تھے۔