چینی شہریوں پر دہشتگرد حملے کی مشترکہ تحقیقات کی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

بدھ 27 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی شہریوں پر دہشت گرد حملے کے بعد ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تمام ریاستی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی کا بھرپور انداز میں مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس واقعہ کی مشترکہ تحقیقات کی جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزرا، چیف آف آرمی اسٹاف، وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز اور متعلقہ شعبوں کے انسپکٹر جنرل پولیس نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر گھناؤنے حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ منصوبہ پاکستان میں توانائی اور پانی کے تحفظ کے حوالے سے ہے۔

وزیراعظم نے حملے میں ہلاک ہونے والے بے گناہ چینی شہریوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اس وحشیانہ فعل کے مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم چینی باشندوں کی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی لوگوں کی جانب سے حملے پر فوری ردعمل کو سراہا جس میں کئی قیمتی جانوں کو بچایا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس واقعہ کی مشترکہ تحقیقات کی جانی چاہیئیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے جسے پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے استعمال کیا ہے، پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والوں کے ان اقدامات کا مقصد دونوں برادر ملکوں کے درمیان عدم اعتماد پیدا کرنا ہے۔

اجلاس کے شرکا نے ملک سے دہشت گردی کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم

اجلاس کے شرکا نے ملک سے دہشت گردی کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔

شرکا نے سرحد پاردہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے علاقائی نکتہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، آرمی چیف

اجلاس کے دوران چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملک کو درپیش دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم گذشتہ 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

آرمی چیف نے دہشتگردی کے واقعات میں حالیہ اضافہ کے حوالے سے کہاکہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستان کے عوام کے حوصلے اور عزم کا غلط اندازہ لگایا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم دہشت گردی کے خلاف اس وقت تک جنگ لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور یہاں کام کرنے والے غیر ملکی مہمانوں پر بری نظر رکھنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہم اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے کہ ہر غیر ملکی شہری خاص طور پر چینی شہری جو پاکستان کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں پاکستان میں محفوظ رہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردی کا آخری دم تک مقابلہ کریں گے۔ اجلاس کے شرکا نے ریاست کے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی کا جامع مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp