ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی نے بہن کو بے دردی سے قتل کر دیا، ویڈیو وائرل

جمعرات 28 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں میں مبینہ طور پربھائی نے 22 سالہ بہن کو باپ اور دیگر گھر والوں کی موجودگی میں منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کردیا۔ و یڈیو میں ملزم کو بہن کا گلا دباتے دیکھا جا سکتا ہےجبکہ گھر والے آرام سے بیٹھے قتل کی واردات دیکھتے رہے، قتل کی واردات کے بعد باپ نے اپنے قاتل بیٹے کو پانی بھی دیا ۔

https://Twitter.com/Aadiiroy2/status/1773026194490810379?s=20

تفصیلات کے مطابق بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کا مقدمہ پولیس نے اپنی مدعیت میں درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو 17 اور 18 کی درمیانی شب میں قتل کرنے کے بعد خاموشی سے دفنا دیا گیا جبکہ مقتولہ کے دوسرے بھائی نے قبر کشائی کی درخواست دی۔ ڈی پی او نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کی قبر کشائی کر کے لاش برآمد کرلی گئی ہےجس کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھجوا دیا گیا ہے۔

ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے اس پر تبصرے کیے جا رہے ہیں اور ملزمان کو سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

ایک صارف حافظ ہشام الٰہی ظہیر نے لکھا کہ ایسے سفاک قاتلوں کو نشانِ عبرت بنانا چاہیے اور سزا دینے کے لیے یہ ویڈیو ہی کافی ہے، مزید کسی ثبوت کی کیا ضرورت ہے؟

آئینہ درخانی لکھتی ہیں کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ ایک شخص اپنی بہن کو گھر والوں کی موجودگی میں قتل کر رہا ہے، اور جب وہ قتل کر چکا تو باپ نے اسے پانی پلایا، انسانیت مر چکی ہے۔

محمد اویس عزیز لکھتے ہیں کہ ایسے درندوں پر اللہ کی لعنت ہو، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایسے درندوں کو عبرتناک سزا دے۔

ایک صارف نے لکھا کہ سماج میں عورت کے حقوق کے لیے کوئی آواز اٹھاتا ہے تو اس کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔ کوئی اس کو فیمنسٹ بولتا ہے، کوئی لبرل۔ اور بہت سی عورتیں کہتی ہیں کہ کہاں ہے عورت پر ظلم۔ دراصل یہ تمام اس پدر سری معاشرے کے کردار ہیں جو عورت کو وراثت سے محروم کرتے ہیں۔ اس کو پسند کی شادی کی اجازت نہیں، اس کو تعلیم حاصل کرنے کی آزادی نہیں۔ اس ویڈیو میں بھی باپ، ماں اور بھائی کے سامنے ایک بھائی بہن کا گلا دبا رہا ہے اور کسی کو رحم نہیں آ رہا۔ قتل کے بعد باپ نے بیٹے کو ٹھنڈا پانی پلایا کہ اس کو اتنی تکلیف اٹھانا پڑی۔ یہ دراصل آپ کے اس معاشرے کی حقیقت ہے۔

https://Twitter.com/Khurram_zakir/status/1773045965659996454?s=20

صحافی خرم اقبال نے کہا کہ ویڈیو بنانے والا بھائی اور کمرے میں سسکیاں بھرنے والی بھابھی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور قتل کی وجوہات جان رہی ہے، مقتولہ کی قبر کشائی کرکے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال بھجوا دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کو مبینہ طور پر سانس گھونٹ کر مارے جانے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp