گوگل کا اپنے ڈوڈل کے ذریعے اہم دنوں کی یاد منانے یا مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ 1998 میں شروع ہوا جو آج بھی جاری ہے۔
مزید پڑھیں
آج بھی گوگل نے اپنے ڈوڈل پر ایک ایرانی نژاد فرانسیسی فوٹوگرافر اور صحافی عباس عطار کے 80ویں یوم پیدائش پر ڈوڈل لگا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
عباس عطار ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر خاش میں 29 مارچ 1944ء کو پیدا ہوئے۔ بعد ازاں، عباس پیرس منتقل ہوگئے۔ 70ء کی دہائی میں ویتنام، بیافرا، بنگلہ دیش، السٹر، مشرق وسطیٰ، چلی، کیوبا اور جنوبی افریقہ کے انقلابوں کی فوٹوگرافی ان کی دنیا بھر میں مقبولیت کا باعث بنی۔
ان کی بنائی گئی تصاویر دنیا بھر کے مشہور اور معتبر اخبارات اور رسالوں کا انتخاب بنیں۔ 1978 سے 1980 کے دوران انہوں نے انقلاب ایران کور کیا اور واپس پیرس چلے گئے۔ 17 سال تک خودساختہ جلا وطنی کاٹنے کے بعد وہ 1997ء میں دوبارہ ایران واپس آئے۔
ان 17 سالوں کے دوران وہ دنیا کے مختلف خطوں اور ممالک کے سفر پر نکلے۔ انہوں نے کئی سفرنامے اور مختلف موضوعات پر کتابیں لکھیں جن میں ان کی فوٹوگرافی پر مشتمل کتب بھی شامل تھیں۔ ان کا 25 اپریل 2018 کو 74 برس کی عمر میں پیرس میں انتقال ہوا۔