وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 مسافروں کو 4 ایجنٹوں سمیت گرفتار کرلیا۔
مزید پڑھیں
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ایف آئی اے امیگریشن ونگ نے کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں زین العابدین اور علی رضا کے خلاف بروقت کارروائی کی۔
ملزمان فلائٹ نمبر QR605 سے اسپین جا رہے تھے اور ان کے پاسپورٹس پر شینگن کے جعلی ویزے لگے ہوئے تھے۔ ملزم علی رضا کے پاسپورٹ پر برطانیہ کا جعلی ویزا اور امیگریشن کی جعلی مہریں بھی لگی ہوئی تھیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ایجنٹ سے 25 لاکھ روپے کے عوض مذکورہ ویزے حاصل کیے۔ ملزمان کی نشاندہی پر ایئرپورٹ احاطے سے 4 ایجنٹوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ایجنٹوں میں صابر اقبال، محمد ثاقب، محمد اجمل اور محمد وقاص شامل ہیں۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا۔