عمران خان کا علیمہ خان کی پارٹی معاملات میں مداخلت کا نوٹس، کور کمیٹی کو پیغام جاری کردیا

جمعہ 29 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی معاملات میں اپنی بہن علیمہ خان کی مداخلت کا نوٹس لیتے ہوئے پارٹی کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

جمعہ کو اسلام آباد میں ہونے والے کور کمیٹی اجلاس کے دوران بانی چیئرمین عمران خان کا علیمہ خان سے متعلق پیغام پڑھ کر سنایا گیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا

کور کمیٹی اجلاس میں شریک ایک سے زائد ارکان نے وی نیوز کو اس بات کی تصدیق کی اور بتایا کہ ’چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عمران خان کا علیمہ خان سے متعلق پیغام پڑھ کر سنایا اور ہدایات جاری کی کہ پارٹی کے تمام معاملات کور کمیٹی طے کری گی، پارٹی کور کمیٹی ارکان کے علاوہ کسی بھی فرد کی پارٹی کے حوالے سے ہدایات نہیں لے گی‘۔

علیمہ خان پارٹی معاملات میں کیسے مداخلت کررہی تھیں؟

ذرائع نے بتایا کہ علیمہ خان نے پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کو بعض اوقات ہدایات جاری کرتی رہی ہیں، جس کا ذکر گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں عمران خان کے سامنے کیا گیا۔ عمران خان نے اس حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے ذریعے پارٹی کو پیغام جاری کیا۔

کور کمیٹی اجلاس میں عمران خان سے ملاقات کرنے والے وکلا رہنماؤں پر تنقید

جمعہ کو ہونے والے کور کمیٹی اجلاس کے دوران کمیٹی ممبران نے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عمران خان سے ملاقات کرنے والے بعض وکلا رہنما عمران خان کا پیغام پارٹی تک نہیں پہنچا رہے۔ کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آئندہ وکیل رہنما عمران خان کا پیغام پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن تک پہنچائیں گے اور وہ میڈیا کو مناسب معلومات فراہم کریں گے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے پارٹی پالیسی کے حوالے سے بیان صرف سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن ہی جاری کریں گے۔

ضمنی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم پر بحث

کور کمیٹی اجلاس کے دوران دوسرے روز بھی بھکر کے ضمنی انتخابات کے لیے افضل ڈھانڈلہ کو ٹکٹ جاری کرنے پر بحث کی گئی۔ بیرسٹر گوہر نے اس حوالے سے وضاحت کی کہ عمران خان کی ہی ہدایات پر افضل ڈھانڈلہ کو ٹکٹ جاری کیا گیا تھا تاہم کور کمیٹی اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی آراء کو عمران خان تک پہنچانے کے بعد یہ ٹکٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp